سی پیک منصوبوں میں کرپشن روکنے کیلئے بھر پور کردار ادا کریں گے : چیئر مین نیب

سی پیک منصوبوں میں کرپشن روکنے کیلئے بھر پور کردار ادا کریں گے : چیئر مین نیب

کوئٹہ (این این آئی )چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ترقی پاکستا ن کی ترقی کی ضامن ہے، نیب چہر ہ نہیں بلکہ کیس دیکھتا ہے ، نیب کرپٹ عناصر کو سی پیک سمیت قومی اہمیت کے تمام منصوبوں میں بد عنوانی سے روکنے کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کرتا رہے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا، جسٹس (ر)جاوید اقبال نے نیب بلوچستان کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا ۔چیئرمین نیب نے کہا کہ سی پیک کا منصوبہ نہ صرف پاکستان کی معاشی ترقی اور خوشحالی کا ضامن ہے بلکہ خطے کی ترقی کیلئے بھی گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے جبکہ ملک کی تعمیر و ترقی بالخصوص بلوچستان کی ترقی کے ملکی معیشت پراچھے اور دوررس اثرات مر تب ہونگے۔انہوں نے کہا کہ پٹ فیڈر کینا ل سے بلوچستان کے زرعی بیلٹ کا معاشی مستقبل وابستہ ہے لہٰذاپٹ فیڈڑ کینال کیس میں کرپشن کرنے والے تمام ذمہ داران کا تعین کر کے ان سے قوم لوٹی ہوئی رقم بر آمد کی جائیگی ۔ جسٹس جاوید اقبال نے کہا کہ قومی احتساب بیورو ملک سے کرپشن کے مکمل خاتمے کے لئے قانون کے مطابق اپنے فرائض سر انجام دے رہا ہے۔ ، کرپشن کے خاتمے کیلئے ہمارا جہاد بد عنوان عناصر کو قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرنے کے ساتھ ساتھ اُن سے قوم کی لوٹی گئی تمام رقوم کی واپسی اور قومی خزانے میں جمع کرانے تک جاری رہے گا تاکہ ملک کے زر مبادلہ میں اضافہ ہو اور قومی اہمیت کے منصوبے بر وقت پایہ تکمیل تک پہنچیں ۔جسٹس جاوید اقبال نے ڈی جی نیب بلوچستان کی کار کردگی کو سراہا اورمیگا کرپشن مقدمات سمیت تمام مقدمات مقررہ وقت کے اندر منطقی انجام تک پہنچانے کی ہدایات جاری کیں۔

جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال

مزید : صفحہ آخر