پاکستان کو ایشیا ء کا ٹائیگر بنانیوالوں نے مقروض کردیا،طاہرالقادری

پاکستان کو ایشیا ء کا ٹائیگر بنانیوالوں نے مقروض کردیا،طاہرالقادری

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمدطاہرالقادری نے ایتھنز یونان میں پاکستانی کمیونٹی کی طرف سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے عشائیہ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سزا یافتہ مجرموں کو ریلیاں نکالنے کی سہولت دینا قانون سے مذاق ہے، پاکستان کو ایشیا کا ٹائیگر بنانے کے دعویدار اسے ایشیا کا مقروض اور بھکاری ملک بنا کر اقتدار سے رخصت ہوئے، آج پھر دیوالیہ ہونے سے بچنے کیلئے آئی ایم ایف کی طرف دیکھا جارہا ہے،یہ کھیل کب تک کھیلا جاتا رہے گا؟پاکستان بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زر سے چل رہا ہے، ایسے نظام کی ضرورت ہے جس میں کوئی نااہل ریاست کو بلیک میل کرنے کی جرأت نہ کر سکے ،عوامی تحریک لوٹ کھسوٹ پر مبنی اس ظالمانہ نظام کی واحد اپوزیشن ہے ،اس نظام کی تبدیلی تک اپنا قومی، سیاسی کردار ادا کرتے رہیں گے، پاکستان کی کرپٹ اشرافیہ کے خلاف بیرون ملک مقیم پاکستانی نوجوان سوشل میڈیا کے ذریعے اپنا حب الوطنی اور کرپشن سے نفرت پر مبنی جاندار اورشاندار حصہ ڈال رہے ہیں،سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کیلئے تکلیف دہ مراحل سے گزررہے ہیں، نظام انصاف کی خامیوں کی وجہ سے طاقتور ملزم گرفت میں نہیں آتے، انصاف کی فراہمی کے حوالے سے یہ فیصلہ اہم ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری نے پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اشرافیہ نے سیاسی جماعتیں مال اور ڈھال کیلئے بنائیں،ان کا جمہوریت اور جمہوری اقدار سے کچھ لینا دینا نہیں، مال تو بنا لیا اب کھال بچانے کیلئے جماعتوں کو بطور ڈھال استعمال کررہے ہیں ، نواز شریف اپنی گرفتاری سے قبل پاکستان میں توڑ پھوڑ اور فسادات چاہتے تھے لیکن سزا کے اعلان کے بعد ان کے اپنے کارندے اور دیرینہ نمک خوار بھی منظر سے غائب ہو گئے ۔

طاہرالقادری

مزید : صفحہ آخر