مخالفین الیکشن سے بھاگنے کے بہانے ڈھونڈ رہے ہیں،شیخ رشید

مخالفین الیکشن سے بھاگنے کے بہانے ڈھونڈ رہے ہیں،شیخ رشید

راولپنڈی(این این آئی)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشیداحمد نے کہاہے کہ ہمارے مخالفین الیکشن سے بھاگنے کے بہانے ڈھونڈ رہے ہیں، لال حویلی کے باہر جوکچھ ہوا وہ قابل مذمت اورافسوسناک ہے، 13سے 23جولائی تک قلم دوات کے جلسوں کی بہار اور انتخابی مہم کاعروج ہوگا، ہمارے مخالفین کوعوام نے الیکشن سے پہلے ہی سرخ جھنڈی دکھا دی ہے جس کے بعد وہ منفی ہتھکنڈوں اور قانون شکنی پر اترآئے ہیں ، انشاء اللہ قلم دوات این اے 60اور62سے ریکارڈووٹ لے کر تاریخی کامیابی حاصل کرے گی۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈہوک حسو چھوٹاچوک میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر پی پی 18سے پی ٹی آئی کے امیدوار اعجازخان جازی نے بھی خطاب کیا۔ شیخ رشیداحمد نے کہاہے کہ راولپنڈی میں قلم دوات اور بیٹ کوعوام کی جانب سے بھرپور حمایت حاصل ہے اور اب ہمارے مخالفین الیکشن سے بھاگنے کے لئے بہانے ڈھونڈ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ روز لال حویلی کے باہر جو کچھ ہوا وہ انتہائی افسوس ناک ہے اورہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں ۔ شیخ رشید نے کہاکہ 13سے 23جولائی تک راولپنڈی شہرکے دونوں حلقوں این اے 60اور62میں ’’قلم دوات‘‘ کے جلسوں کی بہار آئے گی اور یہ دس روز ہماری انتخابی مہم کا عروج ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے مخالفین جہاں بھی جاتے ہیں انہیں عوام کی طرف سے صرف مایوسی ہی ملتی ہے جس کے بعد وہ منفی ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں اور قانون شکنی شروع کردی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ 25جولائی کو قلم دوات راولپنڈی کے دونوں حلقوں سے ریکارڈووٹ لے گی اورتاریخی کامیابی حاصل کرکے مخالفین کی ضمانتیں ضبط کرادیں گے۔

شیخ رشید

مزید : صفحہ آخر