کراچی کی نشستیں 2جماعتوں کو دینے کی تیاری مکمل ہے : ڈاکٹر فاروق ستار

کراچی کی نشستیں 2جماعتوں کو دینے کی تیاری مکمل ہے : ڈاکٹر فاروق ستار

کراچی (اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ کراچی میں ایم کیو ایم کے جھنڈے اور پوسٹرز اتارے جا رہے ہیں۔ کراچی کی سیٹیں 2 جماعتوں کو دینے کی تیاری ہے۔پیر کو میڈیا سے گفتگو کرتے فاروق ستار نے کہا کہ انتخابات سے کچھ روز پہلے ماحول کچھ اور ہی نظر آئے گا۔ الیکشن کا ماحول بنا تو کوئی تحریک انصاف کوئی پاک سرزمین پارٹی کی بات کر رہا تھا۔فاروق ستار نے کہا کہ ہم بہت کم پیسوں میں الیکشن لڑتے ہیں، کم پیسے خرچ کر کے کوئی الیکشن لڑتا ہے تو وہ ایم کیو ایم ہے۔ ایم کیو ایم کا کم خرچ بالا نشین والا معاملہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کو مختلف جماعتوں کے بینروں اور جھنڈوں سے سجایا جا رہا ہے اور الیکشن کمیشن کی جانب سے ایم کیو ایم کے بینرز اور جھنڈے اتارے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل ہو رہا ہے، یہاں انتخابی مہم پر پابندی کیوں ہے، کوشش کی جا رہی ہے کراچی میں ٹرن آٹ کم اور دھاندلی آسانی سے ہو۔فاروق ستار کا کہنا تھا کہ میچ اس طرح فکس ہوگا تو چند سیٹیں ایک اور چند دوسری پارٹی کو ملیں گی، رہ جانے والی سیٹیں ایم کیو ایم کو دے دی جائیں تو قبول نہیں کریں گے۔انہوں کے کہا کہ یہ موقع نہیں دینا چاہیے کہ ایم کیو ایم بائیکاٹ کے بارے میں سوچے، یہ الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ شفاف الیکشن کروایا جائے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے مخالفین کی اکثریت نے بیرون ملک سیٹیں بک کروالی ہیں، شکست کا غم منانے کے لیے بیرون ملک جائیں گے، سزا کسی کو بھی ہو پیشیاں سب سے زیادہ ہم ہی بھگت رہے ہیں۔

مزید : کراچی صفحہ اول