پختون جاگ گئے ہیں اب تبدیلی اور دوسرے پر فریب نعروں پر دھوکہ نہیں کھائیں گے : حیدر ہوتی

پختون جاگ گئے ہیں اب تبدیلی اور دوسرے پر فریب نعروں پر دھوکہ نہیں کھائیں گے : ...

مردان ( بیورورپورٹ) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ پختو ن جاگ گئے ہیں اورانہیں اب تبدیلی ،روٹی کپڑا مکان اور اسلام کے نام پر مزید دھوکہ نہیں دیاجاسکتاپختون قوم اپنی آئندہ نسلوں کی بقاء کے لئے لالٹین کو ووٹ دیں ،اقتدار میں آکر صوبے کو اربوں کا مقروض کرانے والوں سے پائی پائی کاحساب لیں گے وہ اپنے حلقہ نیابت کے علاقہ منگا ،چمتار ا،شیخ ملتون اوربعدازاں تحصیل کاٹلنگ میں الگ الگ انتخابی جلسوں سے خطاب کررہے تھے امیرحیدرخان ہوتی نے کہاکہ پختون قوم25جولائی کو تبدیلی کے نام پردھوکہ دینے والوں کابوریا بستر گول کردیں گی،ہماری منزل پختون قوم کا باہمی اتحاد اوران کے غصب شدہ حقوق کا حصول ہے اوراس راستے میں رکاؤٹ بننے والوں کے گربیانوں میں ہاتھ ڈالیں گے انہوں نے کہاکہ خیبرپختون خوا کے عوام نے تبدیلی والوں کا پانچ سالہ دور دیکھا نئے پاکستان اورنئے خیبرپختون خوا کی بجائے پرانی بنیادیں ہلاکر رکھ دیں پی ٹی آئی نے پانچ سالہ اقتدارمیں دھرنوں اور ناچ گانوں کے علاوہ کچھ نہیں کیا انہوں نے کہاکہ خیبرپختون خوا کے عوام باچاخانی چاہتے ہیں اوروہ نام نہاد تبدیلی کے حق میں نہیں ان کا کہناتھاکہ 25جولائی کے انتخابات پختون قوم کی قسمت کے لئے انہتائی اہم ہیں ،حکومت میں آئے تو عوامی خدمت کی نئی تاریخ رقم کریں گے سابق حکومت نے جس طرح پختونوں کو محرومیوں کے اندھیروں میں دھکیلا وہ اس کا ازالہ کیا جائے گا ،امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ خزانہ خالی کر دیا گیا ہے اور آج سرکاری ملازمین کو تنخواہوں اور پنشن ادا کرنے کیلئے خزانے میں رقم موجود نہیں اے این پی کے صوبائی صدرنے کہا کہ سابق حکومت نے370ارب کا قرضہ لے کر ہڑپ کر لیا ، نیب نے کرپشن کی تحقیقات شروع کر دی ہیں ، انہوں نے کہا کہ حکومت میں آ کر کرپشن کے تمام کیسز کھولیں گے اور قوم کی ایک ایک پائی وصول کریں گے،انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے پی ٹی آئی نے پختونخوا کی ترقی سوشل میڈیا تک محدود رکھی اور اسے عملی جامہ نہیں پہنایا امیرحیدرخان ہوتی نے کہاکہ اے این پی کامیابی کے بعد بے روزگاری کے خاتمے پر توجہ دے گی اور نوجوانوں کو 10لاکھ تک بلاسود قرضے فراہم کرے گی تاکہ وہ اپنے لئے روزگار کے مواقع پیدا کر سکیں، انہوں نے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں پر زور دیا کہ الیکشن کی بھرپور تیاریاں جاری رکھیں اور عوام اپنے حقوق کے تحفظ اور اپنی آئندہ نسلوں کی بقا کیلئے اے این پی کو کامیاب کرائیں، انہوں نے کہا کہ اقتدارمیں آکرنہ صرف خالی خزانہ بھریں گے بلکہ ترقی کا رکا ہوا پہیہ دوبارہ چلائیں گے، انہوں نے پختونوں سے کہا کہ آپس میں اتحاد واتفاق پیدا کریں اور 25جولائی کو باچا خان کے پیروکاروں کو کامیاب کرا کے اپنا مستقبل محفوظ بنائیں۔

مزید : کراچی صفحہ اول