سردارقیوم کی تیسری برسی،بڑا اجتماع آج غازی آباد میں ہوگا

سردارقیوم کی تیسری برسی،بڑا اجتماع آج غازی آباد میں ہوگا

مظفرآباد(بیورورپورٹ)سابق صدر وسابق وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر مجاہد اول سردار محمد عبدالقیوم خان کی تیسری برسی آج غازی آباد میں عقیدت واحترام سے منائی جا رہی ہے،تمام تر انتظامات مکمل کر دیئے۔مجاہد اول کی برسی آزاد کشمیر کے علاوہ بیرون ممالک،پاکستان اور مقبوضہ کشمیر میں منائی جا رہی ہے۔گزشتہ روز صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان کی ہدایت پر آزاد کشمیر اور پاکستان بھر میں مسلم کانفرنسی کارکنوں نے اپنے قریب تر مساجد میں دعائیہ تقریبات منعقد کروائیں جس میں مجاہد اول کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کی گئی،آج بڑا اجتماع مجاہد اول کے مزار پر ہو گا ،مجاہد اول کے چاہنے والے رات سے ہی غازی آباد پہنچے ہیں۔انتظامیہ کمیٹی نے تمام انتظامات کو حتمی شکل دیدی،تقریب غیر سیاسی ہو گی ۔دریں اثناء مجاہد اول کی یاد میں مظفرآباد سکول آف اکنامکس (آغا اکیڈمی) میں مجاہد اول کے ایصال ثواب کیلئے ایک دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیاجس میں قرآن خوانی اور مجاہد اول کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔تقریب میں ہارون آزاد،سلیم اعوان،شہباز کاظمی،سعود اعوان،سجاد مغل،امتیاز احمد میر،امجد حسین،میڈم شمائلہ،رابعہ ملک،عمر چوہدری،فرید چوہدری اور دیگر نے شرکت کی۔مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجاہد اول کو نہ صرف آزاد کشمیر کے عوام بلکہ پاکستان کے لوگ اور عالم اسلام کے مسلمان بھی انہیں بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتے تھے آج وہ ہمارے درمیان موجود نہیں لیکن ان کی یادیں اور اُن کا دیا ہو درس موجود ہے،اللہ کرے ہم ان کے درس کو یاد رکھیں اور ان کے مشن کو آگے بڑھائیں۔مجاہد اول ایک تحریک ایک سوچ،ایک فکر کا نام تھا۔انہوں نے کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ دے کر کشمیری مجاہدین کو منزل کا راستہ بتا دیا۔ان کا مشن ابھی ادھورا جس کیلئے ہم سب کو جہدوجہد کرنی ہے۔مجاہد اول نے ساری زندگی کشمیر کی آزادی کیلئے جدوجہد کی۔ان کے کارکن ان کے مشن پر قائم رہیں گے۔یہ ایک چلتا ہوا کارواں ہے جو کبھی نہیں رکے گا۔مجاہد اول نے آزاد کشمیر میں تعلیمی انقلاب پرپا کیا۔ساٹھ کی دہائی میں آزاد کشمیر میں ایک انٹر کالج تھا تو مجاہد اول نے گلی گلی ،گوچہ کوچہ،گاؤں گاؤں میں تعلیمی اداروں کا جال بچھایا جس کی وجہ سے آزاد کشمیر بھر میں تعلیم عام ہو گئی ہے۔اللہ تعالیٰ مجاہد اول کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطاء کرے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...