25جولائی کی شام پیپلز پارٹی کی کامیابی لائیگی،گلزاراعوان
راولپنڈی (جنرل رپورٹر) حلقہ این اے 61 سے قومی اسمبلی کیلئے پاکستان پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار حاجی محمد گلزار اعوان نے کہا ہے کہ 25 جولائی کی شام کو بیلٹ باکسز سے پاکستان پیپلز پارٹی کی کامیابی کی نوید برآمد ہوگی اور نئے عوامی دور کا آغاز ہوگا . عوام اپنے بنیادی مسائل کے حل کیلئے دھائیاں دے دے کر تھک گئے مگر ن لیگ نے اپنے پانچ سالہ دور اقتدار میں سوائے کمیشن کے حامل بڑے منصوبوں کے عوام کیلئے کچھ نہیں کیا جس کی وجہ سے آج عوام کو پینے کا صاف پانی تک میسر نہیں . ہم اقتدار میں آکر غربت ، بے روزگاری اور نا انصافی سمیت تمام مسائل کے حل کیلئے کام کریں گے . انہو ں نے یہ بات لالکڑتی ، طارق آباد ، ٹینچ بھاٹہ اور ملحقہ علاقوں میں کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کہی . اس موقع پر پی پی پی کے جیالوں کی بڑی تعداد بھی ان کے ہمراہ تھی . حاجی محمد گلزار اعوان نے کہا کہ عوام آج ووٹ مانگنے کیلئے نئے سرے سے وعدے کرنے والوں سے پوچھیں کہ انہوں نے گذشتہ پانچ سال کے دوران ان مسائل کے حل پر توجہ کیوں نہیں دی . انہو ں نے کہا کہ عوام کے بنیادی مسائل کا حل ان کی ترجیحات میں شامل ہی نہیں تھا اور آئیندہ بھی ان کی ترجیحات عوام کی فوری ضروریات اور مسائل سے ہٹ کر ہونگی اس لئے رائے دھندگان انہیں ووٹ نہیں دیں گے . انہوں نے کہا کہ میرے حلقے میں قبرستان کا مسئلہ سنگین سے سنگین تر ہو رہا ہے اور لاشیں دفنانے کیلئے لوگوں کو جگہ نہیں ملتی . میری سب سے پہلی کوشش اس مسئلے کا حل ہوگی . انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ اپنے اور اپنے بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے پاکستان پیپلز پارٹی کو ووٹ دیں جس کی قیادت نے پاکستان کے دفاع کو مضبوط بنانے اور جمہوریت کے فروغ و استحکام کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے دئیے . مختلف برادریوں کے افراد نے اس موقع پر حاجی محمد گلزار اعوان کو اپنی غیر مشروط حمایت کا یقین دلایا .