خواتین کوووٹ کی اہمیت بارے آگاہی دی جارہی ہے،رانا قیصر

خواتین کوووٹ کی اہمیت بارے آگاہی دی جارہی ہے،رانا قیصر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


راولپنڈی (جنرل رپورٹر)ڈویژنل کوآرڈینیٹر کمیشن برائے حقوق خواتین راولپنڈی رانا قیصر نے کہا ہے کہ چیئر پرسن پنجاب کمیشن برائے حقوق خواتین فوزیہ وقار کی ہدایت پر راولپنڈی کے ایسے حلقوں اور علاقوں جہاں خواتین ووٹروں کا ٹرن آؤٹ کم ہے یانہ ہونے کے برابرہے وہاں پر خصوصی آگاہی مہم کا آغاز کیا جارہا ہے تاکہ خواتین کے ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کیا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ا یک اجلاس کی صدارت کرتے ہو ئے کیا۔ رانا قیصر نے کہاکہ یہ آگاہی مہم الیکشن کمیشن آف پاکستان، لوکل گورنمنٹ اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے راولپنڈی ڈویژن کے تمام اضلاع میں شروع کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں تمام متعلقہ اداروں سے مشاورت مکمل کی جا چکی ہے اور کمیونٹی سیمیناروں کا آغاز جلد ہی کر دیا جائے گاجس میں خواتین کے ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کیا جائے گااور ان تمام مسائل اور عوامل کا جائزہ بھی لیا جائے گاجس کی وجہ معاشرے کا اہم حصہ بعض علاقوں میں اپنے جمہوری حق سے محروم رہ جاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جن علاقوں میں خواتین کے ووٹ کی مخالفت کی جاتی ہے وہاں کے مرد حضرات کو بھی خواتین کے ووٹ کے حق کی اہمیت سے متعلق آگاہ کیا جائیگا۔ انہوں نے کہاکہ یہ آگاہی مہم ایک قومی اور جمہوری ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں تمام ادارے اپنے مینڈیٹ کے مطابق کمیشن برائے حقوق خواتین کا ساتھ دیں اور اس بات کو یقینی بنایا جا ئے تاکہ خواتین بھی مردوں کے شانہ بشانہ الیکشن کے عمل میں حصہ لیں اور اپنی آزادانہ رائے کے تحت اپنی مرضی کے نمائندوں کا انتخاب کر سکیں۔