الیکشن کا التوا یا مؤخر کرنے کی کوششیں ملک کے مفاد میں نہیں : سردار حسین بابک
پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے کہا ہے کہ انتخابات وقت پر ہونے چاہئیں اور الیکشن کا التوا یا مؤخر کرنے کی کوششیں ملک کے مفاد میں نہیں، پی ٹی آئی کا یہ آخری الیکشن ہے اور بدترین شکست کے بعد صوبے سے ان کا نام و نشان مٹ جائے گا ، الیکشن میں مخالفین کی ضمانتیں ضبط کرائیں گے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی کے22 بونیر میں انتخابی مہم کے دوران مختلف مقامات پر جرگوں،شمولیتی اجتماعات اور جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر پی ٹی آئی اور دیگر جماعتوں سے سیاسی شخصیات کی اے این پی میں شمولیت کا سلسلہ بھی جاری رہا ، سردار حسین بابک نے کہا کہ پی ٹی آئی اپنی طبعی موت آپ مرنے والی ہے اور 25جولائی کے عوام صوبے سے ان کا صفایا کر دیں گے ،انہوں نے کہا کہ اے این پی عوام کی خدمت کیلئے میدان میں موجود ہے اور اپنی کاکردگی کی بنیاد پر ووٹ مانگ رہی ہے جبکہ مخالفین کے پاس عوام کو دینے کیلئے کچھ نہیں ، انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ سال میں کرپشن کی جو تاریخ رقم کی گئی اس پر نیب کی فائلیں کھل چکی ہیں اور عنقریب قوم پر اس کی حقیقت آشکارا ہوجائے گی، انہوں نے کہا کہ ہم ایک عرصہ سے آواز اٹھا رہے ہیں کہ بی آرتی عوام کیلئے نہیں بلکہ پرویزخٹک کی کمیشن اور کرپشن کیلئے شروع کی گئی جس کا واضح ثبوت آج سامنے آ چکا ہے ،، انہوں نے کہاکہ تبدیلی والے میٹرو بس منصوبے پر صوبے کے عوام کو اربوں روپے کا مقروض چھوڑکرچلے گئے، انہوں نے کہا کہ اے این پی انسانیت کی خدمت پر یقین رکھتی ہے ، انتقام اور لوگوں کی پگڑیاں اچھالنے کی سیاست کرنے والے قوم کی رہنمائی نہیں کر سکتے ، انہوں نے کہا کہ مرکز سے اپنے صوبے اور قدرتی وسائل پر اپنا اختیار ضرور حاصل کریں گے ، اٹھارویں ترمیم اے این پی کی کامیابی ہے اور بجلی منافع سمیت این ایف سی ایوارڈ میں باقی رہنے والا حق بھی وفاق سے لیں گے ، انہوں نے کہا کہ تعلیم ، صحت کے شعبوں میں انقلابی اصلاحات اور بے روزگاری کا خاتمہ اولیں ترجیح ہو گی،، انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ سال میں جس طرح صوبے اور تمام صوبائی محکموں کو نقصان پہنچایا گیا اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی ، سابق حکومت نے بغیر ترقیاتی منصوبوں کے صوبے کو 370ارب کا مقروض کر دیا جبکہ خزانہ میں ایک پائی تک نہ چھوڑی جس کی وجہ سے آج سرکاری ملازمیں کو تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے دقت کا سامنا ہے،سردار بابک نے کہا کہ حلقہ کے عوام اپنے حقوق کے محافظوں کو پہچانیں اور 25جولائی کو اے این پی کو ووٹ دے کر کامیاب کریں