تھائی لینڈ میں 2 ہفتوں سے غار میں پھنسے 8 بچوں کو نکال لیا گیا، باہر آتے ہی انہوں نے کیا چیز مانگی؟ جان کر آپ کی بھی آنکھیں نم ہوجائیں
بنکاک(مانیٹرنگ ڈیسک) تھائی لینڈ کے شمالی صوبے چیانگ رائی کے ایک علاقے میں دو ہفتوں سے بچوں کی فٹ بال ٹیم کے 12کھلاڑی اپنے کوچ سمیت ایک غار میں پھنسے ہوئے تھے جن میں سے 8بچوں کو اب بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔ ان بچوں نے باہر آتے ہی ریسکیو ٹیم سے ایسی چیز مانگی کہ سن کر ہر کسی کی آنکھیں نم ہو جائیں۔ دی مرر کی رپورٹ کے مطابق جب ان بچوں کو باہر نکالا گیا تو انہوں نے سب سے پہلے کھانے کو کچھ مانگا۔ دو بچوں نے ریسکیو اہلکاروں سے چاکلیٹ دینے کو کہا۔
تھائی لینڈ کے سیکرٹری صحت کا کہنا تھا کہ ”غار سے نکالے گئے تمام بچوں کا طبی معائنہ کیا گیا ہے۔ ان میں سے 6بالکل ٹھیک ہیں جبکہ 2کے پھیپھڑوں میں انفیکشن پائی گئی ہے۔ان دونوں کو ہسپتال میں رکھا گیا ہے۔ باقی تمام بچے بالکل ٹھیک کھانا کھا رہے ہیں۔ ابتدائی طور پر ہم نے انہیں نرم غذا دی تاکہ وہ اسے آسانی سے ہضم کر سکیں۔ دو ہفتے تک بھوکے رہنے کی وجہ سے فوراً سخت غذا دینا مضر ہو سکتا تھا۔“ واضح رہے کہ یہ بچے اپنے کوچ کے ہمراہ غاروں کی سیر کرنے گئے تھے لیکن شدید بارشوں کے باعث ایک غار میں پھنس گئے۔ چار بچے اور کوچ تاحال غار میں موجود ہیں اور انہیں نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔