مسافر ریل گاڑیوں کی آمد و رفت، لمبی تاخیر!

مسافر ریل گاڑیوں کی آمد و رفت، لمبی تاخیر!

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کوٹری کے قریب مسافر اور مال گاڑی میں ٹکر اور بعض دوسرے حادثوں کی وجہ سے متاثر ہونے والی ریلوے ٹریفک تاحال بحال نہیں ہو پائی اور مسافر گاڑیاں اب تک پانچ سے سات گھنٹے کی تاخیر سے منزل پر پہنچ رہی ہیں اس سے مسافروں کو شدید پریشانی لاحق ہے اور منتظر لوگ اب احتجاج کررہے ہیں۔چیئرمین ریلوے بورڈ نے ایک بیان میں کہا کہ اس کا نوٹس لیا گیا اور جلد ہی اوقات کار بحال کر دیئے جائیں گے۔وزیر ریلوے شیخ رشید بقول خود ریلوے کو منافع بخش بنانے کے مشن پر ہیں، اس سلسلے میں وہ مسافر گاڑیوں کی تعداد بھی بڑھا رہے ہیں اور بڑے بڑے دعوے کرکے یہ بھی فرماتے ہیں کہ پہلے والوں نے بیڑہ غرق کیا وہ بحال کرا رہے ہیں، اس سلسلے میں شیخ رشید کی ہدایت پر گزشتہ دنوں ایک پریس ریلیز کے ذریعے بتایا گیا تھا کہ ان کے دور میں اب تک 4ارب روپے کا نقصان کم کیا گیا ہے، گزشتہ روز ہی وہ لاہور میں تھے، تاہم انہوں نے گاڑیوں کی تاخیر کے بارے میں کسی اقدام کا ذکر نہیں کیا اور مسلسل سیاسی پیش گوئیاں فرماتے رہے۔ لاہور اور دیگر بڑے ریلوے سٹیشنوں پر مسافر بیوی بچوں سمیت پریشانی کا شکار ہو کر مظاہرے کر رہے ہیں کہ شدید گرمی اور حبس کے موسم میں وہ بچوں سمیت پلیٹ فارموں پر پڑے رہنے پر مجبور ہیں، یہ شاید ریلوے کی تاریخ میں بھی ایک ایسا مرحلہ ہے جس میں حادثات کے باعث ریلوے ٹریک پرآمد و رفت کو معمول پر نہیں لایا جا سکا، حالانکہ یہ حادثات پہلے بھی ہوتے اور مسافر ٹرینیں تاخیر کا شکار ہوتی تھیں، لیکن ٹریک بحال ہوتے ہی یہ تاخیر کم ہوتی چلی جاتی تھی، اب تو معمول کی ٹریفک بھی تاخیر ہی کا شکار اور محکمے کی ناکامی پر دلالت کرتی ہے۔ وزیر موصوف کو سیاست سے فرصت پا کر اس طرف توجہ مبذول کرنا چاہیے۔

مزید :

رائے -اداریہ -