وہ خاتون جس کی ماں بننے کے بعد داڑھی اُگ آئی
ماسکو(مانیٹرنگ ڈیسک) ماں بننا کسی بھی خاتون کے لیے دنیا کی سب سے بڑی خوشخبری ہوتا ہے لیکن اس روسی خاتون کے لیے ماں بننا بڑی مصیبت بن گیا کہ بچہ پیدا کرنے کے بعد اس کی داڑھی اُگ آئی اور 12سال تک اسے اپنا چہرہ مسلسل چھپا کر رکھنا پڑ گیا۔ میل آن لائن کے مطابق سویتلانا سیوشنکووا نامی اس خاتون کی عمر اب 33سال ہے، جس کی 13سال قبل شادی ہوئی تھی۔ شادی کے فوری بعد وہ حاملہ ہو گئی اور حمل کے دوران ہی اس کے چہرے پر بال آنے لگے۔
جب اس نے بچے کو جنم دیا تو اس کی مردوں جیسی بھری پری داڑھی نکل آئی اور وہ اپنا چہرہ میڈیکل ماسک سے چھپا کر رکھنے پر مجبور ہو گئی۔ چہرے ہی نہیں بلکہ اس کے سینے اور باقی جسم پر بھی مردوں کی طرح بال نکل آئے۔ ڈاکٹروں نے اسے بتایا کہ وہ ’ہرسوٹزم‘ (Hirsutism)نامی عارضے کا شکار ہو چکی ہے۔ ڈاکٹروں نے اس کا علاج شروع کیا اور طویل علاج کے بعد اب وہ صحت مند ہو چکی ہے اور چند ماہ قبل اس نے اپنا ماسک پہننا چھوڑ دیا ہے۔
سویتلانا گزشتہ روز ایک روسی ٹی وی میڈیکل شو میں شریک ہوئی اور اپنی اس مصیبت کے بارے میں بتایا۔ اس کا کہنا تھا کہ ”ان 12سالوں میں مجھے بہت اذیت ناک صورتحال کا سامنا رہا، میں اپنے شوہر کے سامنے بھی چہرہ کھلا رکھنے سے خوف کھاتی تھی کیونکہ مجھے خدشہ تھا کہ کہیں وہ میری داڑھی کی وجہ سے مجھ سے بددل نہ ہو جائے۔ “ سویتلانا نے اپنے آنسو روکتے ہوئے بتایا کہ ”ان سالوں میں ملازمت کرنا تو دور کی بات، میں کسی کے ساتھ، حتیٰ کہ اپنے بچے کے ساتھ بھی نارمل انداز میں بات تک نہیں کر سکتی تھی۔ “