’واہ پائلٹ نے کیا کمال مہارت سے جہاز کو حادثے سے بچایا ہے‘ پاکستانی سیاستدان نے ویڈیو گیم کی فوٹیج اصلی سمجھ کر شیئر کردی
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سوشل میڈیا پر کیا اصلی ہے اور کیا نقلی، اس کی پہچان کے لیے ٹیکنالوجی کی شدھ بدھ لازمی ہے ورنہ آدمی ایسے ہی اپنا مذاق بنواتا ہے جیسے پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے بنوا لیا۔ خرم نواز گنڈا پور نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو دیکھی جس میں ایک مسافر طیارہ بلندوبالا عمارتوں کے بیچوں وبیچ اڑ رہا ہوتا ہے اور بمشکل ٹکرانے سے بچتاہوا رن وے پر پہنچتا ہے جہاں اچانک ایک آئل ٹینکر اس کے سامنے آ جاتاہے مگر پائلٹ کمال مہارت کا مظاہرہ کرنے ہوئے جہاز کو ٹینکر کے ساتھ ٹکرانے سے بچا لیتا ہے۔
خرم نواز گنڈا پور نے اپنے ٹوئٹر اکاﺅنٹ پر یوٹیوب پر پوسٹ کی گئی اس ویڈیو کا لنک شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ”جہاز تباہی سے بال بال بچ گیا، یہ ایک بڑا سانحہ بھی ہو سکتا تھامگر پائلٹ کی حاضر دماغی نے معجزانہ طور پر جہاز کو تباہ ہونے سے بچا لیا۔“ اب خرم نواز گنڈا پور جس ویڈیو کو اصلی سمجھ کر شیئر کر بیٹھے وہ دراصل معروف ویڈیو گیم ”گرینڈ تھیفٹ آٹو5“ کی ویڈیو تھی اور اس ویڈیو کے کیپشن میں یہ لکھا بھی تھا مگر شاید خرم نواز گنڈا پور ویڈیوگیمز سے ناآشنا تھے چنانچہ حقیقت سمجھ نہ پائے۔ اب انٹرنیٹ پر لوگ ان کا مذاق اڑا رہے ہیں اور ڈیلی میل سمیت دیگر بین الاقوامی میڈیا آﺅٹ لیٹس بھی اس مضحکہ خیز واقعے کو اپنی ویب سائٹس پر جگہ دے رہے ہیں۔