وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس، کیبنٹ کمیٹی آن فلڈ کو”کیبنٹ کمیٹی آن ڈیزاسٹر“ میں تبدیل کرنے کی منظوری

وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس، کیبنٹ کمیٹی آن فلڈ کو”کیبنٹ کمیٹی آن ...
وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس، کیبنٹ کمیٹی آن فلڈ کو”کیبنٹ کمیٹی آن ڈیزاسٹر“ میں تبدیل کرنے کی منظوری

  


لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت آج وزیراعلیٰ آفس میں پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں کیبنٹ کمیٹی آن فلڈ کو”کیبنٹ کمیٹی آن ڈیزاسٹر“ میں تبدیل کرنے کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ صوبہ بھر میں بارشوں اوربرف باری کی وجہ سے ممکنہ سیلاب کیلئے بھر پور انتظامات کیے جائیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ فلڈ انتظامات کے سلسلے میں کوتاہی یا غفلت برتنے کی کوئی گنجائش نہیں۔دریائے سندھ اوردیگردریاؤں سے ملحقہ علاقوں میں زیادہ موثر حفاظتی اقدامات کیے جائیں۔مقامی انتظامیہ کو بروقت اطلاع یقینی بنائی جائے،انتظامیہ،صوبائی محکمے اوردیگر ملحقہ ادارے باہمی اشتراک کار یقینی بنائیں۔پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو درکار وسائل مہیا کریں گے۔ اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ کو پی ڈی ایم اے حکام کی طرف سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ دریاؤں پر پانی کے بہاؤ کی صورتحال کو روزانہ مانیٹر کیا جارہا ہے۔فلڈ کے بارے میں پیشگی نشاندہی کا سسٹم پوری طرح کارگر ہے۔ڈیش بورڈ اوردیگر مخصوص سافٹ ویئرکے ذریعے معلومات کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے۔سوشل میڈیا سمیت دیگر ذرائع ابلاغ کو دریاؤں میں پانی کی صورتحال سے آگاہ رکھنے کیلئے استعمال کیا جارہا ہے۔دریائے سندھ میں پانی کا بہاؤ فی الحال معمول کے مطابق ہے۔محکمہ موسمیات کے حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اگلے ہفتے میں بارشوں کا سلسلہ مختلف علاقوں میں شروع ہوسکتا ہے۔بڑے درجے کے سیلاب کے آثار نہیں تاہم نچلے اوردرمیانے درجے کے سیلاب کے امکان کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔اجلاس میں صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت،ڈاکٹر یاسمین راشد،محسن لغاری،ہاشم ڈوگر،حسنین دریشک،میاں محمو دالرشید، تیمور خان بھٹی،سردار آصف نکئی،نعمان احمد لنگڑیال،میاں خالد محمود،ترجمان وزیراعلیٰ ڈاکٹر شہبازگل،ہیڈ ایس ایم یوفضیل آصف،چیف سیکرٹری،چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات اوردیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

مزید : علاقائی /پنجاب /لاہور