ڈی جی ایل ڈی اے کا اور نج ٹرین روٹ پر سٹرکین بلاتا خیر مرمت کرنے کا حکم
لاہور(جنرل رپورٹر) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل احمد عزیز تارڑنے ہدایت کی ہے کہ اورنج لائن میٹر و ٹرین کا آپریشن شروع ہونے سے پہلے روٹ پر واقع سڑکوں کی مرمت و بحالی سمیت دیگر تمام زیر تکمیل کام بلا تاخیر مکمل کرلئے جائیں تاکہ شہریوں کو دوران سفر کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔ ٹریفک کا بہاؤ آسان بنانے کے لئے سڑکوں کی لین مارکنگ کی جائے۔فٹ پاتھوں کی تعمیر جلد مکمل کی جائے اور مختلف مقامات سے فوری طور پرملبہ ہٹایا جائے۔ میٹرو سٹیشنوں کے قریب تجاوزات کی روک تھام کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔مختلف کاموں کے کنٹریکٹرز اپنے اپنے پیکیج پر ابھی تک کئے جانے والے تعمیراتی کاموں پر نظر ثانی کریں اور کام طے شدہ معیار کے مطابق بلاتاخیر مکمل کر نے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل احمد عزیز تارڑ نے ملتان روڈ پر میٹرو ٹرین پیکیج ٹو کے سٹیشنوں کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر چیف انجینئر حبیب الحق رندھاوابھی ان کے ہمراہ تھے۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر اقرار حسین نے بریفنگ دی۔ ڈائریکٹر جنرل نے چوبرجی اور اعوان ٹاؤن سٹیشنوں کی عمارتوں کا معائنہ کیااورچینی کنٹریکٹر سی آر نورنکو کی طرف سے ان سٹیشنوں پر الیکٹریکل و مکینیکل ورکس کے بعد بحالی کے لئے سول ورکس کا جائزہ لیا۔ چیف انجینئر نے روٹ پر ایٹ گریڈ ورکس کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ڈیرہ گجراں سے علی ٹاؤن تک اورنج لائن ٹرین روٹ پر ایٹ گریڈ ورکس کا 95 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے۔اس کے علاوہ فٹ پاتھ، ڈرین اور اسفالٹ روڈ کی تعمیر کا 95 فیصد کام بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل نے کنٹریکٹر کو ہدایت کی کہ ٹرین کا آپریشن شروع ہونے سے پہلے سٹیشنوں کی عمارت کی جاری تزئین و آرائش جلد از جلد مکمل کی جائے تاکہ جب یہ مکمل ہو تو عوام کو ایک مکمل سفری سہولت فراہم کی جاسکے۔