پیپلز پارٹی ، ن لیگ نے سیاست کرنی ہے تو انہیں کرپشن سے پاک ہونا ہو گا: ترجمان پنجاب حکومت

        پیپلز پارٹی ، ن لیگ نے سیاست کرنی ہے تو انہیں کرپشن سے پاک ہونا ہو گا: ...

  

لاہور(نمائندہ خصوصی) ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر تمام متعلقہ ا دارے ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کیخلاف متحرک ہیں، گرانفروشی کے ذریعے عوام کا استحصال کرنیوالے کسی رعایت کے مستحق نہیں، اپوزیشن کاکرپشن ڈرامہ بری طرح فلاپ ہو چکا ہے، پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ نے سیاست کرنی ہے تو اپنے کندھوں سے کرپشن کا بوجھ اتا رنا ہوگا۔ میڈیا کیلئے جاری کئے گئے اپنے ویڈیو بیان میں ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ سرکاری گندم کے اجراء کے بعد فلور ملیں طے شدہ سرکاری نرخنامے کے مطابق آٹا فروخت کرنے کی پابند ہوں گی اور حکومت اوپن مارکیٹ میں بھی قیمتوں پر پہرہ دیگی۔ ذخیرہ ادوزی اور گرانفروشی کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائیگا، ایسے عناصر کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔ ملک میں مافیاز نے پنجے گاڑھے ہوئے تھے لیکن ان کے دن گنے جا چکے ہیں، اب انہیں عوام کا خون نہیں چوسنے دیں گے۔ عوام اپوزیشن کے کسی بہکاوے میں نہیں آئیں گے، کیونکہ انہوں نے اپنے حواریوں کے روشن و تابناک مستقبل کیلئے قوم کے مستقبل کو تاریک کرنے سے بھی گریز نہیں کیا۔

مسرت جمشید چیمہ

مزید :

صفحہ آخر -