عامر خان کی آفاق احمد کو ایم کیو ایم میں شمولیت کی دعوت

عامر خان کی آفاق احمد کو ایم کیو ایم میں شمولیت کی دعوت

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی مومنٹ پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنونیر عامر خان نے آفاق احمد سے معافی مانگتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہ ایم کیو ایم میں شامل ہونا چاہیں تو ہم انہیں خوش آمدید کہیں گے،گزشتہ روز پریس کانفرنس سے پہلے جو دوستوں سے گفتگو کی وہ ریکارڈ ہوگئی، غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے پر آفاق احمد سے معذرت کرتا ہوں۔خصوصی گفتگوکرتے ہوئے عامرخان نے کہاکہ اگر آفاق احمد ایم کیو ایم پاکستان میں آنا چاہتے ہیں تو انہیں خوش آمدید کہیں گے، شہر کی بہتری کے لیے کام کرنے والی دیگر جماعتیں اور شخصیات بھی اگر ہمارے ساتھ شمولیت اختیار کرنا چاہیں تو ان کے لیے بھی ہمارے دروازے کھلے ہیں۔انہوں نے کہاکہ 22اگست کے بعد پالیسیاں تبدیل ہوئی ہیں، اب ہم سیاسی اختلاف کے باوجود بھی مخالفین سے ملاقاتیں کرتے ہیں، سیاسی اختلافات ہوسکتے ہیں مگر ہم کسی کے ساتھ سیاسی انتشار نہیں چاہتے۔عامر خان نے کہاکہ ہم کسی سے بھی ہونے والے اختلافات کو دشمنی کی صورت تبدیل نہیں کرسکتے، کراچی کیلئے آواز اٹھانے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہاکہ مغرب کی نماز کے بعد جیل بیرک کے دروازے بند ہوجاتے ہیں، رات10 بجے جیل بیرک کا دروازہ کھلے تو اگلے دن سب قیدیوں کو وجہ معلوم ہوجاتی ہے، میں ذوالفقار مرزا اور آفاق احمد کی پیسے کی لین دین کا عینی شاہد تو نہیں ہوں لیکن جیل میں موجود لوگوں کا یہی کہنا تھا کہ دونوں کے درمیان پیسوں کا لین دین ہوا ہے۔انہوں نے کہاکہ جیل میں لوگوں نے کہا ذوالفقار مرزا آئے اور انہوں نے آفاق احمد سے ملاقات کی، میرے علم میں ذوالفقارمرزا اور آفاق احمدکی ایک بار ملاقات ہوئی جبکہ جیل سے ملنے والی معلومات کے مطابق دونوں کے درمیان کئی ملاقاتیں ہوئی ہیں۔

مزید :

صفحہ آخر -