اسٹاک حملہ ناکام بنانے والے ملک کا فخر ہیں،فرخ خان

اسٹاک حملہ ناکام بنانے والے ملک کا فخر ہیں،فرخ خان

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دشمن ملک سے تربیت یافتہ دہشت گردوں کے حملے کو بہادری سے ناکام بنانے والے کراچی پولیس کے افسران و جوان ملک اور قوم کا فخر ہیں۔پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے چیف ایگزیکٹو آفیسر فرخ خان نے کراچی پولیس آفس کا دورہ کیا اور ایڈیشنل آئی جی کراچی سے ملاقات کی۔ کراچی پولیس کے سربراہ سے ملاقات کے دوران چیف ایگزیکٹو آفیسر نے 29 جون کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشتگردی کے واقعہ میں پولیس کی بہترین جوابی حکمت عملی اور شاندار کارکردگی و کاروائی کو سراہا۔پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے دشمن کے مذموم مقاصدو عزائم کو ملیامیٹ کرنے اور جرات و بہادری سے مقابلہ کرنے والے پولیس افسران و جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے سی ای او نے واقعے میں بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہونے والے پولیس افسر کو خراج عقیدت پیش کیا۔چیف ایگزیکٹو آفیسر فرخ خان نے کراچی پولیس کیجانب سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر سکیورٹی کے بہترین اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ایڈیشنل آئی جی کراچی نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی جانب سے پولیس کی کارکردگی اور سیکورٹی اقدامات پر اطمینان اور اعتماد کرنے پر انکا شکریہ ادا کیا۔

مزید :

صفحہ آخر -