معاشی ایٹم بم ہونا ملکی وجود کا ضامن ہے،رحمت وردگ

معاشی ایٹم بم ہونا ملکی وجود کا ضامن ہے،رحمت وردگ

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر) تحریک استقلال کے مرکزی صدر رحمت خان وردگ نے کہا ہے کہ ایٹم بموں سے ملک نہیں بچائے جاسکتے بلکہ معاشی ایٹم بم ہونا ملکی وجود کا ضامن ہے کیونکہ روس کے پاس بھی سینکڑوں ایٹم بم موجود تھے جنہیں چلانے کی نوبت ہی نہیں آئی اور افغان جنگ میں معاشی بدحالی کا شکارہوکر دنیا کی سپرپاور روس ٹکڑے ٹکڑے ہوگیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو معاشی استحکام پر زیادہ توجہ دینی چاہئے اور ٹیکس کی وصولی کے لئے انقلابی اصلاحات کی جائیں اور صنعتکاروں و کاروباری افراد کو بھی ملک کے معاشی استحکام کے لئے ایمانداری سے پورا ٹیکس دینا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی پالیسیاں ملکی معیشت کے لئے سخت نقصان دہ ثابت ہورہی ہیں۔ آنے والے وقت میں پاکستان کی عوام جنرل پرویز مشرف کو اس طرح یاد کریگی جس طر ح فیلڈ مارشل ایوب خان کے اقتدار سے علیحدگی کے بعد آج بھی پاکستانی عوام فیلڈ مارشل ایوب خان کے دور حکومت کو یاد کرتی ہے۔ موجودہ حکمرانوں نے اقتدار میں آنے سے قبل آئی ایم ایف کے سامنے کشکول توڑ دینے کا جو بلند بانگ دعوٰی کیا تھا اور ملکی معاشی نظام کو عالمی مالیاتی ادارہ کے چنگل سے نجات دلانے کی جو خوش کن باتیں کی تھیں‘ موجودہ حکمران اپنی کہی ہوئی باتوں پر دو ماہ تک بھی کھڑے نہ رہ سکے اور آئی ایم ایف کے آگے نہ صرف گھٹنے ٹیکے بلکہ ”لیٹ“ گئے اور آج ملک کا ہر غریب شہری مزید غربت کے بوجھ تلے دب کر رہ گیا ہے اور ہر مالدار گروپ پہلے سے کہیں زیادہ منافع بخش حیثیت اختیار کرنے میں کامیاب ہوگیا ہے۔

مزید :

صفحہ آخر -