آئی جی پنجاب کا ملتان میں مختلف منصوبوں کا افتتاح
لاہور(کرائم رپورٹر)آئی جی پنجاب نے گزشتہ روز ملتان کا دورکیا، دورہ کے دوران محکمہ پولیس کے مختلف منصوبوں کا افتتاح کیا۔اس موقع پر انکے ہمراہ ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس ساؤتھ پنجاب انعام غنی اور ریجنل پولیس آفیسر وسیم احمد خان بھی تھے۔پولیس دربار میں سی پی او ملتان حسن رضا خان،ڈی پی او وہاڑی احسان اللہ چوہان،ڈی پی او خانیوال علی وسیم اور ڈی پی او لودھراں سید کرار حسین سمیت پولیس افسران نے بھی شرکت کی۔آئی جی پنجاب شعیب دستگیر ملتان پہنچے تو آر پی او آفس میں پولیس کے چاک و چوبند دستے نے انکو سلامی پیش کی۔اس موقع پر آئی جی پنجاب نے آر پی او آفس کے نئے کانفرنس روم کا افتتاح بھی کیا۔بعد ازاں آئی جی پنجاب پولیس ٹریننگ کالج پہنچے اور زیر تربیت اہلکاروں کیلئے نئے لگائے گئے جدید روٹی پلانٹ اور نئے کلاس رومز کا افتتاح بھی کیا۔
آئی جی پنجاب نے ملتان آمد کے موقع پر آر پی او آفس میں ریجن کے افسران سے کرائم میٹنگ بھی کی اور آر پی او آفس کے لان میں پودا بھی لگایا۔آئی جی پنجاب سے اس موقع پر کمشنر شان الحق اور ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے بھی ملاقات کی