ریونیو کے محکمے نئے مالی سا ل میں اہداف کو ہر صورت میں حاصل کر یں: میئرکراچی
کراچی (سٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کے ایم سی کے تمام ریونیو کے محکمے نئے مالی سال میں اپنے اپنے اہداف کو ہر صورت میں حاصل کریں اور اس کی سہ ماہی رپورٹ مرتب کی جائے جو محکمہ جاتی سربراہان ہدف حاصل نہیں کرسکیں گے ان کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے اور ایسے اہل افسران کو محکموں میں تعینات کیا جائے جو اپنی صلاحیتوں سے ریونیو کے حصول میں کے ایم سی کی مدد کر سکیں۔ یہ بات انہوں نے کے ایم سی کے ریونیو سے متعلق محکموں کے سربراہان کو ہدایت دیتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ ابھی مالی سال کا آغاز ہے اس لیے ابھی سے محکمے اپنی کارروائیوں کا آغاز کریں اور کے ایم سی کے ریونیو میں اضافے کے لیے بھرپور کوششیں کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایم یو سی ٹی کا محکمہ سہ ماہی سطح پر بلوں کو شہریوں تک پہچانے کو یقینی بنائے اور ادائیگی کے لیے ترغیبات بھی پیش کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ MUCTسے اس سال 1232ملین روپے کی آمدنی متوقع ہے۔ ویٹرنری سروسز سے 205ملین روپے، کلچر اسپورٹس اینڈ ریکری ایشن سے 195ملین روپے‘ انجینئر نگ سے 81.500ملین روپے‘ میڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسز سے 72.500روپے‘ میونسپل سروسز سے70.500‘ پارکس اینڈ ہارٹی کلچر سے 37.900 روپے‘انٹرپرائز اینڈ انوسیٹمنٹ پروموشن سے15.625روپے کی آمدنی متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریونیو کا ٹارگٹ حاصل کرنے سے ہی ادارہ مستحکم ہوگا اور ادارے کے اخراجات اور دیگر مسائل کے حل کے لیے ہمیں مزید آمدنی میں بھی اضافہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ افسران سنجیدگی سے ریونیو کے اہداف کو حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کریں تاکہ کے ایم سی اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بناسکے۔