سینیٹر سرفراز بگٹی کی گرفتاری کا حکم آگیا

سینیٹر سرفراز بگٹی کی گرفتاری کا حکم آگیا
سینیٹر سرفراز بگٹی کی گرفتاری کا حکم آگیا

  

کوئٹہ (ویب ڈیسک) کوئٹہ کی عدالت نے بچی کے اغواءمیں معاونت کے کیس میں سابق وزیرِ داخلہ بلوچستان اور سینیٹر سرفراز بگٹی کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری کر دیئے۔

روزنامہ جنگ کے مطابق سابق وزیرِ داخلہ بلوچستان اور سینیٹر سرفراز بگٹی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کوئٹہ نے جاری کیے۔عدالت نے پولیس کو سینیٹر سرفراز بگٹی کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کرنے کا حکم بھی دے دیا۔

گزشتہ روز سپریم کورٹ کے 2 ر کنی بنچ نے سینیٹر سرفراز بگٹی کی عبوری ضمانت کی درخواست مسترد کر دی تھی۔اس سے قبل بلوچستان ہائی کورٹ سے بھی سرفراز بگٹی کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست مسترد ہو گئی تھی۔واضح رہے کہ سینیٹر سرفراز بگٹی پر کوئٹہ سے 9 سالہ بچی کے اغواءمیں معاونت کا الزام ہے، 9 سالہ بچی ماریہ کی نانی نے سرفراز بگٹی کو اغواءکے مقدمے میں نامزد کیا تھا۔کوئٹہ بجلی روڈ پولیس اسٹیشن میں دائر ایف آئی آر کے مطابق نانی اپنی نواسی کو اس کے باپ توکل علی سے ملوانے عدالت لے گئی تھیں۔

ایف آئی آر کے متن میں درج ہے کہ سحرش نامی خاتون کے قتل کے بعد عدالت نے اس کی بیٹی کو نانی کے حوالے کر دیا تھا۔ایف آئی آر میں الزام لگایا گیا ہے کہ عدالت میں پیشی کے موقع پر بچی کا والد لڑکی کو زبردستی گاڑی میں ڈال کر سینیٹر سرفراز بگٹی کے گھر لے گیا تھا۔خاتون نے سینیٹر سرفراز بگٹی سے رابطہ کیا تو انہوں نے واقعے میں ملوث ہونے سے انکار کر دیا تھا، بچی کے اغواءکے مقدمے میں اس کے والد کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

مزید :

علاقائی -بلوچستان -کوئٹہ -