ایشیاءکپ کی منسوخی، مکی آرتھر بھی میدان میں آ گئے، پاکستانیوں کے دل کی بات کہہ دی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) سری لنکن کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کی جانب سے رواں سال شیڈول ایشیاءکپ کی منسوخی پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے باعث گزشتہ روز اے سی سی نے ایشیاءکپ کی منسوخی کا اعلان کیا تھا جس پر پاکستانی ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے سوشل میڈیا پر کہا کہ ایشیاءکپ کی منسوخی پر مایوسی ہوئی ہے، اب اگلے برس جون میں سری لنکا کی ایشیا کپ کی میزبانی کا منتظر ہوں۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی میزبانی میں یہ مقابلے ستمبر میں طے تھے لیکن حالات کی نزاکت پر پی سی بی نے سری لنکا کو پیشکش کی تھی کہ رواں برس ایونٹ وہ آرگنائز کرلے، اگلی بار اس کی جگہ پی سی بی میزبانی کرلے گا۔
ذرائع کے مطابق سری لنکا نے پاکستان کی پیشکش پر مثبت جواب دیا تھا تاہم اے سی سی نے اسے منسوخ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اب نئے پروگرام کے مطابق اگلے برس سری لنکا ایونٹ کی میزبانی کرے گا جبکہ 2022ءمیں پاکستان ایشیاءکپ کا میزبان ہوگا۔