ہائی پرفارمنس سینٹر نے ایک اور اہم کام کا پہلا مرحلہ مکمل کر لیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) نئے ڈومیسٹک کرکٹ نظام میں شامل کی جانے والی 6 ایسوسی ایشنز کے بعد ہائی پرفارمنس سینٹرز سے وابستہ کوچز کے انٹرویوز بھی مکمل ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے تحت کوچز کے انٹرویوز کا سلسلہ جاری ہے، نئے ڈومیسٹک کرکٹ نظام میں شامل کی جانے والی 6 ایسوسی ایشنز کے بعد ہائی پرفارمنس سینٹرز سے وابستہ کوچز کے انٹرویوز بھی مکمل ہو گئے ہیں جس دوران کارکردگی، معیار اور سوچ کو جانچا جا رہا ہے۔
محسن کمال،محتشم رشید اور راﺅ افتخار سمیت دیگر کوچز نے ہائی پرفارمنس سینٹر کے شعبہ کوچنگ کے سربراہ گرانٹ بریڈ برن کو ویڈیو لنک پر انٹرویوز دئیے، ہیڈ آف انٹرنیشنل پلیئرز ڈویلپمنٹ ثقلین مشتاق اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ انگلینڈ میں موجود اسسٹنٹ کوچ شاہد اسلم نے معاونت کی۔
اگلے مرحلے میں پی سی بی ویمن ونگ کوچز کے انٹرویوز ہوں گے اور سب سے آخر میں انڈر 13 کوچز کے انٹرویوز طے ہیں، مجموعی طور پر72 کوچز کے انٹرویوز لئے جائیں گے جس کے بعد کارکردگی کا جائزہ لے کر تعیناتی یا تنزلی کا فیصلہ ہوگا۔