”ان دنوں ہر کوئی حیدر علی کے بارے میں بات کر رہا ہے اور مجھے امید ہے کہ۔۔۔“ محمد یوسف نے پاکستانیوں کو زبردست خوشخبری سنا دی

”ان دنوں ہر کوئی حیدر علی کے بارے میں بات کر رہا ہے اور مجھے امید ہے کہ۔۔۔“ ...
”ان دنوں ہر کوئی حیدر علی کے بارے میں بات کر رہا ہے اور مجھے امید ہے کہ۔۔۔“ محمد یوسف نے پاکستانیوں کو زبردست خوشخبری سنا دی

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق بلے باز محمد یوسف نے دورہ انگلینڈ کے دوران حیدر علی سے امیدیں وابستہ کر لی ہیں اور امید ظاہر کی ہے کہ وہ بہت جلد دنیا کے ٹاپ بلے بازوں میں شامل ہو جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق نجی خبر رساں ادارے کو دئیے گئے انٹرویو میں محمد یوسف نے کہا کہ ان دنوں ہر کوئی حیدر علی کے بارے میں بات کر رہا ہے اور مجھے امید ہے کہ وہ بابر اعظم کی طرح تینوں فارمیٹس میں ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے دنیا کے ٹاپ بیٹسمینوں میں شمار ہوں گے، بابر نے ماضی قریب میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، دورہ انگلینڈ میں سب کی نگاہیں ان پر ہوں گی، انہوں نے خود کو فٹ رکھا اور وہ اپنی کھیل پر توجہ مرکوز رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسد شفیق اور اظہر علی نے گزشتہ ٹورز کے دوران انگلینڈ میں رنز بنائے ہیں، امید ہے کہ وہ اس بار بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے، یہ سیریز قومی سکواڈ کا حصہ بننے والے کھلاڑیوں کیلئے اپنا نام روشن کرنے کا ایک اچھا موقع ہے کیونکہ انگلینڈ میں رنز بنانا کوئی آسان کام نہیں ہوتا۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ انگلینڈ کے پاس جیمز اینڈرسن، سٹوارٹ براڈ، جوفرا آرچر، مارک ووڈ اور کرس ووکس جیسے عمدہ باﺅلرز موجود ہیں، اینڈرسن قومی ٹیم کیلئے بڑا خطرہ ثابت ہوں گے کیونکہ تجربہ کار فاسٹ باﺅلر 600 وکٹیں حاصل کرنے کے قریب ہیں، اگر کنڈیشنز سازگار ہوئیں توان کا سامنا بہت مشکل ہوگا۔

محمد یوسف نے کہا کہ پاکستان کا باﺅلنگ اٹیک بہت اچھا ہے، ماضی میں محمد عباس نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی مردہ وکٹوں پر عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا، شاہین آفریدی اپنے کھیل میں مستقل طور پر بہتری لا رہے ہیں،نسیم شاہ اور شاہین شاہ 150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیندیں کرتے ہیں اور انگلینڈ کی تیز وکٹوں پر یہ باﺅلرز خطرہ ثابت ہوسکتے ہیں۔

مزید :

کھیل -