تماشائیوں کی غیر موجودگی کو کھلاڑیوں کو ایک دوسرے کیساتھ کیا کرنا ہے؟ مشتاق احمد نے زبردست مشورہ دیدیا

تماشائیوں کی غیر موجودگی کو کھلاڑیوں کو ایک دوسرے کیساتھ کیا کرنا ہے؟ مشتاق ...
تماشائیوں کی غیر موجودگی کو کھلاڑیوں کو ایک دوسرے کیساتھ کیا کرنا ہے؟ مشتاق احمد نے زبردست مشورہ دیدیا

  

ووسٹر (ڈیلی پاکستان آن لائن) قومی کرکٹ ٹیم کےاسپن باﺅلنگ کوچ مشتاق احمد نے کہا ہے کہ انگلینڈ میں موجود پاکستانی سکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کوخود ہی ایک دوسرے کی حوصلہ افزائی کرنی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کووڈ 19 کے سائے تلے بحال ہونے والی کرکٹ تماشائیوں کے بغیر ہو رہی ہے، انگلینڈ ویسٹ انڈیز ٹیسٹ سیریز بھی بغیر تماشائیوں کے کھیلی جا رہی ہے جبکہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز بھی تماشائیوں کے بغیر ہی کھیلی جائے گی۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سپن باﺅلنگ کوچ مشتاق احمد کاکہنا ہے کہ یہ ٹور غیر معمولی حالات میں ہورہا ہے اور یہاں کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے تماشائی موجود ہیں اور نہ ہی تجزیہ کرنے کیلئے میڈیا نمائندگان ہیں، لہٰذا ان کھلاڑیوں کو اپنے گروپ سے ہی متاثر ہونا ہے اور ایک دوسرے کی بھرپور حوصلہ افزائی کرنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دورہ انگلینڈ میں ٹیم مینجمنٹ کی ذمہ داریوں میں سب سے بڑھ کر یہ ہے کہ ہمیں کھلاڑیوں کی ذہنی مضبوطی پر خاص توجہ دینی ہے۔ ساڑھے تین ماہ بعد گراؤنڈ کا رخ کرنے والے ان کھلاڑیوں کا جوش اور جذبہ دیدنی ہے، سکواڈ میں شامل تمام لڑکے بہت پرجوش ہیں اور وہ بھرپور لگن سے نیٹ پریکٹس کرنے میں مصروف ہیں۔

مشتاق احمد نے کہا کہ کھلاڑیوں کو کووڈ 19 کے پروٹوکولز سے مکمل آگاہ کر رہے ہیں جس میں گراؤنڈ میں سے فاصلہ رکھنا اورگیند کو تھوک سے نہ چمکانا ہے کیونکہ ماضی میں سپنرز عموماً گیند کو تھوک سے ہی چمکاتے تھے تاہم ان حالات میں متبادل آپشنز کو ان کی یاداشت کا مکمل حصہ بنانے کیلئے کوشش کی جارہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سب سے خوش آئند عمل یہ ہے کہ قومی سکواڈ میں شامل تمام کھلاڑی اور سپورٹ سٹاف ایک دوسرے کی مکمل حوصلہ افزائی کر رہے ہیں، یقین ہے کہ درجہ بدرجہ کھلاڑیوں کی کھیل میں واپسی مفید ثابت ہوگی۔

مزید :

کھیل -