قطر ائیرویز نے پاکستانی مسافروں کیلئے نئی ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) غیر ملکی ایئر لائن قطر ائیرویز نے پاکستانی مسافروں کیلئے نئی ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی ہے جس کے تحت کورونا وائرس ٹیسٹ کرانا لازم قرار دیدیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق غیر ملکی ایئر لائن قطر ایئرویز نے پاکستان سے جانے والے مسافروں کیلئے نئی ٹریول ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے قطر ائیرویز سے سفر کرنے والے مسافروں کیلئے بھی کورونا ٹیسٹ کرانا لازم قرار دیدیا ہے، پرواز سے قبل پاکستانی مسافروں کو 72 گھنٹے کے اندر اپنا ٹیسٹ کروانا پڑے گا۔
ایئر لائن کے مطابق یہ ایڈوائزری 13 جولائی سے نافذ العمل ہوگی جس کے مطابق ملک کی مخصوص 4 لیبارٹریز سے کروایا گیا ٹیسٹ ہی قابل قبول ہو گا۔ 12 سال سے کم عمر بچے کورونا ٹیسٹ سے مستثنیٰ ہوں گے، لیکن اکیلے فیملی کے بغیر سفر کر نے پر ٹیسٹ لازمی کرانا ہو گا، لیبارٹریز مسافروں کے ٹیسٹ کی رپورٹس براہ راست قطر ایئر ویز کو فراہم کریں گی۔
یاد رہے کہ یکم جولائی کو قطر نے کورونا وباءمیں کمی کے بعد لاک ڈاؤن کے تحت پابندیوں میں مزید نرمی کا اعلان کر دیا ہے، سپریم کمیٹی فار کرائسز اینڈ مینجمنٹ نے مساجد، ریسٹورنٹس، تفریحی مقامات اور پارکس کیلئے پابندیاں نرم کرتے ہوئے انہیں جزوی طور پر کھولنے کی اجازت دی۔
میوزیم کیساتھ ساتھ عوامی لائبریریوں کو بھی محدود تعداد اور کم وقت کیلئے کھولنے کی اجازت دی گئی ہے، ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ کورونا لاک ڈاؤن میں نرمی کا دوسرا مرحلہ مہلک وباءکے عروج کا وقت گزرنے اور اس میں بتدریج کمی آنے کے بعد شروع کیا گیا ہے۔