غفلت اور لا پرواہی کے متحمل نہیں ہو سکتے، اس لئے عید الاضحی کے موقع پر۔۔۔۔ترجمان پنجاب حکومت نے اعلان کردیا 

غفلت اور لا پرواہی کے متحمل نہیں ہو سکتے، اس لئے عید الاضحی کے موقع ...
غفلت اور لا پرواہی کے متحمل نہیں ہو سکتے، اس لئے عید الاضحی کے موقع پر۔۔۔۔ترجمان پنجاب حکومت نے اعلان کردیا 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ اپنے ادوارمیں ملک کو مسائل کی دلدل میں دھکیلنے والے دوبارہ حکومت میں آنے کے خواب دیکھ رہے ہیں لیکن عوام ملک کی باگ ڈور بار بار آزمائی ہوئی جماعتوں کے ہاتھوں میں نہیں دیں گے،پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) والے کئی دہائیوں تک اقتدار میں رہے لیکن ملک کو ترقی کی بجائے کرپشن کی سمت میں چلاتے رہے، بطور قوم ہم کسی غفلت اور لا پرواہی کے متحمل نہیں ہو سکتے، اس لئے عید الاضحی کے موقع پر کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے مرتب کردہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا۔

میڈیا کیلئے جاری کئے گئے اپنے ویڈیو بیان میں ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کا کام ہی عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنا ہے، یہ اقتدار میں رہ کر بھی یہی کام کرتے ہیں اور آج اپوزیشن میں ہیں تو بھی یہی فریضہ سر انجا م دے رہے ہیں،تحریک انصاف کی حکومت کو ابھی دو سال کا عرصہ بھی مکمل نہیں ہوا کہ ان کے پیٹ میں مروڑ اٹھنا شروع ہو گئے ہیں،وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت نے کورونا وائرس کی وباء کا مقابلہ کیا ہے اور رب تعالیٰ کا شکر ہے کہ بروقت اور درست فیصلوں سے پاکستان اتنا متاثر نہیں ہوا، کورونا وائرس کی وجہ سے پوری دنیا کی معیشت متاثر ہوئی ہےاور پاکستان بھی عالمی دنیا کے ساتھ جڑا ہوا ہے،حکومت جس طرح کے اقدامات اٹھا رہی ہے انشا اللہ ہم جلد اس بحران سے نکل آئیں گے۔

ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ عوام سے اپیل ہے کہ عید الاضحی کے موقع پر کورونا وائرس کی تدابیر پر عمل پیرا ہوں کیونکہ ہم کورونا وباء کی مزید کسی لہر کا سامنا کرنے کے متحمل نہیں ہو سکتے۔