”پی سی بی میرے ساتھ کھیل کھیل رہا ہے“

”پی سی بی میرے ساتھ کھیل کھیل رہا ہے“
”پی سی بی میرے ساتھ کھیل کھیل رہا ہے“

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق کپتان سلیم ملک نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے جواب پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی سی بی میرے ساتھ کھیل کھیل رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سابق ٹیسٹ کرکٹر سلیم ملک نے نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2014ءمیں پی سی بی نے دھوکے سے خط پر دستخط کروائے اور میں نے پی سی بی حکام پر یقین کرتے ہوئے بغیر پڑھے خط پر دستخط کئے۔ حکام نے مجھے کلیئر کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی جس کے بعد 6 سال پی سی بی دفاتر کے چکر لگاتا رہا لیکن کوئی حل نہ نکالا گیا۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ پی سی بی کے جواب پر اپنے وکلاءسے مشاورت کے بعد پریس کانفرنس کروں گا۔

واضح رہے کہ پی سی بی حکام نے سلیم ملک کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے میچ فکسنگ کے سوالات کے جواب دینے کا کہا تھا، سلیم ملک کے مئی 2014ءکے اعتراف کا حوالہ دیتے ہوئے پی سی بی کا کہنا تھا کہ ان کا جواب دینے سے انکار ان کے اعتراف کو تبدیل نہیں کرسکتا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل سلیم ملک کا کہنا تھا کہ کئی کھلاڑیوں کو فکسنگ کی سزا کے بعد کھیلنے یا کوچنگ کا موقع ملا مجھے بھی کوچنگ کا اختیار دیا جائے۔ سلیم ملک پر 2000ءمیں میچ فکسنگ انکوائری کے بعد تاحیات پابندی لگائی گئی تھی جسے سیشن کورٹ نے 8 سال بعد ختم کردیا تھا۔

مزید :

کھیل -