گیند کو تھوک سے چمکانے پر پابندی، وقار یونس کے بعد مشتاق احمد بھی میدان میں آ گئے
ووسٹر (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سپن باﺅلنگ کوچ مشتاق احمد نے کہا ہے کہ ماضی میں سپنرز گیند کو تھوک سے ہی چمکاتے تھے لیکن ان حالات میں متبادل آپشنز کو یادداشت کا حصہ بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ویڈیو بیان میں مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ گیند کو تھوک سے نہیں چمکا سکتے کیونکہ کھلاڑیوں کو کورونا وائرس کے ایس او پیز سے مکمل آگاہ کررہے ہیں، لیکن اس معاملے سے متعلق مختلف امور پر بھی غور کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تماشائیوں کی عدم موجودگی میں کھلاڑیوں کو خود ایک دوسرے کی حوصلہ افزائی کرنی ہے۔
حالیہ بیان میں قومی ٹیم کے باﺅلنگ کوچ وقار یونس کا کہنا تھا کہ باﺅلرز کو گیند پر تھوک لگانے کی پابندی کاعادی ہونا پڑے گا جبکہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو اس پابندی کا کوئی حل ضرور نکالنا ہو گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ گیند کو چمکانے کیلئے کھلاڑیوں کا پسینہ یا تھوک استعمال کرنا فطری عمل ہے، ایسا کرکٹ کی تاریخ میں ہمیشہ سے ہوتا رہا ہے اور تمام فاسٹ باؤلرز اس کے عادی ہیں۔