آئی ایم ایف نے پاکستانی معیشت سے متعلق اہم رپورٹ جاری کر دی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے مالی سال 2021ءکے دوران پاکستان کی معیشت میں بحالی کا امکان ظاہر کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف نے ملکوں کے پالیسی اقدامات کے عنوان سے رپورٹ میں کورونا وائرس پر قابو پانے کےلئے حکومتی اقدامات کو اجاگر کیا گیا ہے۔ وفاقی حکومت نے اپریل کے وسط سے صوبوں کےساتھ روابط کے ذریعے لاک ڈاﺅن میں بتدریج نرمی کرتے ہوئے ایسی صنعتوں کو اپنی سرگرمیاں بحال کرنے کی اجازت دی جہاں کورونا کے پھیلاؤ کا خدشہ کم تھا، اسی طرح چھوٹی دکانوں کو بھی نئے ایس او پیز پر عملدرآمد کےساتھ دوبارہ کھولنے کی اجازت دی گئی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت نے 24 مارچ کو 1200 ارب روپے کے امدادی پیکیج کا اعلان کیا جس پر اب عملدرآمد کیا جارہا ہے اور مالی سال 21-2020ءمیں اس کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ اس کے علاوہ اندرون ملک پروازوں ، ٹرین کی خدمات اور بین الاقوامی پروازوں کی بحالی سے اندرون ملک اور بیرون ملک نقل و حرکت پر عائد پابندیاں بھی ہٹا دی گئی ہیں۔
آئی ایم ایف کی رپورٹ میں کوروناوائرس کی وباءکے معاشی اثرات میں کمی لانے کےلئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے اہم اقدامات کا بھی تذکرہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے بحران کے آغاز سے صوبائی حکومتیں موثر مالیاتی اقدامات پر عملدرآمد کررہی ہیں جن میں کم آمدن گھرانوں کےلئے نقد امداد، ٹیکس میں سہولت کی فراہمی اور صحت کے شعبے میں اضافی اخراجات شامل ہیں۔عالمی مالیاتی ادارے کی رپورٹ میں مالی سال 2021ءمیں معاشی بحالی کے باعث پاکستان کی معیشت میں بتدریج بہتری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔