مپی سکن،45مشکوک جانوروں کو شہرداخل ہونے سے روکدیا گیا

  مپی سکن،45مشکوک جانوروں کو شہرداخل ہونے سے روکدیا گیا

  

لاہور(لیڈی رپورٹر)محکمہ لائیو سٹاک لاہور کے تحت پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران ضلع بھر میں لمپی سکن بیماری کے 45 مشکوک جانوروں کو داخل ہونے سے روک دیا گیا جبکہ 5 متاثرہ جانوروں کو قرنطینہ کیا گیا۔ ضلع لاہور کے قرنطینہ مراکز سے تمام جانوروں کو صحتیابی کے بعد ڈسچارج کردیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ لاہور بھر کی مویشی منڈیوں، سیل پوائنٹس، چیک پوسٹوں اور عوام الناس کی دہلیز پر 4016 جانوروں کو چیچڑ مار سپرے کیا گیا جبکہ 1040 جانوروں کو علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کی گئیں۔ مزید براں عیدالاضحی اور بارشوں کے حوالے سے محکمہ لائیو سٹاک کی جانب سے گائیڈ لائنز بھی جاری کردی گئیں۔ سیکرٹری لائیو سٹاک پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ اسداللہ خان کا کہنا تھا کہ عوام الناس قربانی کے جانوروں کو منڈیوں اور گلی محلوں میں بجلی کی تنصیبات کے قریب نہ باندھیں نیز قربانی کے جانوروں کیلئے خشک جگہ اور خشک چارے کا انتظام کریں۔ اپنے پیغام میں سیکرٹری لائیو سٹاک کا کہنا تھا کہ عیدالاضحی کے موقع پر پنجاب بھر میں محکمہ لائیو سٹاک کا عملہ سرگرم عمل ہے۔ تمام اضلاع میں محکمہ کی جانب سے فلیگ مارچ اور سیمینارز کا اہتمام بھی کیا جا رہا ہے ساتھ ہی ساتھ ویٹرنری کیمپس اور موبائل ڈسپنسریوں کی مدد سے خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔ محکمہ لائیو سٹاک کے ماہرین نے کھالوں کو پہنچنے والے نقصانات سے بچاؤ بارے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہری عیدالاضحی کے موقع پر قربانی کے جانوروں کیلئے ماہر قصاب کی خدمات حاصل کریں۔ کھالوں کو نمک لگائیں اور شاپر یا تھیلوں میں ہرگز نہ ڈالی-

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -