ملک بھر میں عید الاضحیٰ آج مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام سے منائی جائیگی

ملک بھر میں عید الاضحیٰ آج مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام سے منائی ...

  

       اسلام آباد،لاہور،کراچی،پشاور،کوئٹہ(این این آئی)ملک بھر میں عیدالاضحی آج (اتوار) بمطابق 10ذی الحج مذہبی جوش وجذبے اورعقیدت و احترام سے منائی جائیگی، چھو ٹے بڑے شہروں میں نمازعید کے بڑے بڑے اجتماعات ہونگے جس کے بعدلوگ سنت ابراہیمی ؑ کی پیروی میں اللہ کی راہ میں جانور قربان کریں گے،پولیس سمیت دیگر قا نو ن نا فذ کرنیوالے اداروں نے عید الاضحی کے موقع پر کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھرمیں عید الاضحی کا تہوار آج (اتوار) کو مذہبی جوش و جذبے اورعقیدت و احترام سے منایا جائیگا۔ ملک بھرمیں مساجد، عید گاہوں اور کھلے مقامات پر نمازعید کے بڑے بڑے اجتماعات ہونگے۔ نماز عید کے اجتماعات میں امت مسلمہ کی سلامتی، ملک کی ترقی و خوشحالی،کشمیر کی آزادی اور عالمی وبا ء کورونا وائرس کے خاتمے کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔حکومت کی جانب سے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ کوروناوباء کے پیش نظر ایس او پیز پر عملدرآمدکیا جائے۔ عید کی نماز کے بعدسنت ابراہیمی ؑ کی پیروی کرتے ہوئے اللہ کی راہ میں جانورقربان کئے جا ئیں گے جن کا گوشت عزیز و اقارب، محلے داروں،غرباء اور مساکین میں تقسیم کیا جائیگا۔ پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے عید الاضحی کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو حتمی شکل دیدی ہے، پولیس اہلکارنمازعید کے اجتماعات کے مقامات پر حفاظتی ڈیوٹیوں پر تعینات ہونگے جبکہ افسران سکیورٹی کی نگرانی کیلئے پیٹرولنگ کرینگے۔

عید الاضحی 

مزید :

صفحہ اول -