عید الاضحیٰ پر آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگایا جائے،غفلت کسی صورت برداشت نہیں:حمزہ شہباز
لاہور(جنرل رپورٹر)وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف نے عیدالاضحی پر لاہور سمیت پنجاب بھر میں صفائی کے بہترین انتظامات کے لئے ضروری ہدایات جاری کردی ہیں اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں اور ہر ضلع کی انتظامیہ کو زیرو ویسٹ آپریشن یقینی بنانے کا ٹاسک دیا ہے - وزیر اعلی حمزہ شہباز نے کہا کہ صفائی کے انتظامات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور جہاں بھی کمی کوتاہی نظر آئی تو متعلقہ افسران کے خلاف ایکشن ہو گا۔وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف نے ہدایت کی کہ پنجاب کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں عیدالاضحی پر آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگایا جائے اور گلی محلوں میں صفائی پر خصوصی توجہ دی جائے اور اس ضمن غفلت کسی صورت برداشت نہیں۔شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لئے کوآرڈینیشن اور جامع پلان کے تحت فرائض سرانجام دیئے جائیں۔ڈپٹی کمشنرز اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے افسران عید الاضحٰی پر فیلڈ وزٹ کرکے صفائی پلان کا جائزہ لیں۔عیدالاضحی پر کئے جانے والے تمام انتظامات کی ذاتی طور پر نگرانی کروں گا۔انہوں نے کہا کہ عوام کو صاف ماحول اور انہیں سہولتیں فراہم کرنا متعلقہ اداروں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔صفائی کے بارے میں شہریوں کی شکایات کا فی الفور ازالہ ہونا چاہیئے۔خلق خدا کو عیدالاضحی پر صاف ماحول فراہم کرنے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔انہوں نے کہا کہ مویشی منڈیوں میں جانوروں کی خریداری کیلئے آنے والوں کو ہر طرح کی سہولتیں فراہم کی جائیں۔کانگو وائرس اور ڈینگی وائرس سے نمٹنے کیلئے وضع کردہ پلان پر من و عن عمل کیا جائے۔صفائی کے انتظامات کو خوب سے خوب تر بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے عیدالاضحی پر صوبے کے سیاحتی مقامات خصوصا مری جانے والے سیاحوں کو سہولتوں کی فراہمی کے لئے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مری سمیت دیگر سیاحتی مقامات پر ٹریفک رواں دواں رکھنے کے لئے خصوصی انتظامات کئے جائیں۔عیدالاضحی پر اسلام آباد سے مری جانے والے راستوں پر ٹریفک نظام کی بہتری کے لیے موثر اقدامات اٹھائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ عید تعطیلات کے دوران مری جانے والے شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات پیش نہیں آنی چاہئیں۔شہریوں کو ٹریفک کی صورتحال سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ رکھا جائے۔ ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کیلئے بنائے گئے خصوصی پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ سینئرپولیس افسران ٹریفک پلان کی خود نگرانی کریں اور ٹریفک مینجمنٹ پر پورا فوکس کیا جائے - انہوں نے کہا کہ ہوٹلوں اور پارکنگ کی اوور چارجنگ روکنے کیلئے انتظامی افسران زیرو ٹالرنس کی پالیسی اختیار کریں۔اوور چارجنگ کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے۔
حمزہ شہباز