شہباز شریف،اردوان اور حمد بن عیسیٰ الخلیفہ کا باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق

شہباز شریف،اردوان اور حمد بن عیسیٰ الخلیفہ کا باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق

  

      اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم شہباز شریف نے ترک صدر رجب طیب اردوان اور بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے حکومت اور عوام کی جانب سے ترک اور بحرین کی حکومتوں اور عوام کو عید الاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر مبارکباد پیش کی۔وزیراعظم کی جانب سے عید الاضحیٰ کی پرتپاک مبارکباد کا جواب دیتے ہوئے صدر اردوان نے بھی پاکستان کی حکومت اور عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیاجبکہ بلوچستان میں تباہ کن سیلاب کے متاثرین کیلئے دعا بھی کی اور آزمائش کی اس گھڑی میں پاکستان کیلئے اپنی حکومت کی مستقل حمایت کا اعادہ کیا۔ جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف نے ترک کے اپنے حالیہ دورے اور ان کے وفد کی گرمجوشی سے کی گئی مہمان نوازی کا ذکر کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور دیگر اہم شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کے پختہ عزم کا اظہار کیا۔دونوں رہنماؤں نے عالمی توانائی اور خوراک کے بحران سے نمٹنے کیلئے تعاون بڑھانے سمیت علاقائی اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے بتایا وہ ستمبر 2022 میں پاکستان میں ہونیوا لے اعلیٰ سطحی سٹرٹیجک کوآپریشن کونسل کے 7ویں اجلاس میں صدر اردوان کے استقبال کے منتظر ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ ترک صدر کے دورہ پاکستان سے نئی راہیں کھلیں گی اور اس سے دونوں برادر ممالک کے درمیان تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کومزید وسعت ملے گی۔دوسری طرف وزیراعظم شہباز شریف نے مملکت بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ سے ٹیلی فونک گفتگو کی اور عید الاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر مبارک باد دی۔سرکاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے مملکت بحرین کے برادر عوام کی مسلسل ترقی اور خوشحالی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا،اوردونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے کہا قریبی تعلقات نے مختلف شعبوں بالخصوص دوطرفہ تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ میں گہرے دو طرفہ تعاون کے اہم مواقع فراہم کیے ہیں۔وزیراعظم کی جانب سے عید کی پرتپاک مبارک باد کا جواب دیتے ہوئے شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ نے پاکستا نی عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے عوام کے مفاد کیلئے باہمی تعاون کو وسیع کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا پاکستان اور بحرین کے درمیان دیر ینہ دوستانہ تعلقات ہیں جن کی جڑیں مشترکہ ایمان، باہمی افہام و تفہیم اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں۔ دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سمیت تمام امت مسلمہ کو عیدالاضحٰی کی مبارکباد دی۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا یہ مقدس دن ایثار، قربانی اور اللہ تعالیٰ کی اطاعت کا پیغام ہے۔وزیراعظم نے امت مسلمہ کو نادار اور مستحقین کی مدد کیلئے اجتماعی کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ادھر وزیراعظم شہبازشریف نے مادر ملت فاطمہ جناح ؒکو برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا قوم مادر ملت کے احسانات کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔ مادر ملت کو پاکستان کیلئے خدمات پر قوم سلام پیش کرتی ہے۔ فاطمہ جناح قائداعظمؒ کی بہن ہی نہیں بلکہ ان کی فکری وراثت کی بھی امین تھیں، مادرملت کی زندگی کا بیش تر حصہ اپنے عظیم بھائی کی رفاقت میں بسر ہوا، قائداعظم کی زندگی کے آخری 19 برس فاطمہ جناح اپنے بھائی کیساتھ رہیں۔انہوں نے عظیم بھائی کیساتھ پاکستان کے قیام کی جدوجہد میں بھرپورحصہ لیا، قیام پاکستان کے بعدشدید علیل قائد کی خدمت اور تیمارداری میں دن رات ایک کردیا اور اپنے عظیم بھائی کی وفات کے بعد انہوں نے ان کا مشن آگے بڑھانے کا کام سنبھالا، قوم مادر ملت کے احسانات کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی، اللہ تعالی مادر ملت کے در جا ت بلند فرمائے، آمین۔

شہباز شریف

لاہور(آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت عید الاضحی کے حوالے سے عوام کی سہولت کیلئے اقدامات اور عید کے دنوں میں صفائی کے نظام کے حوالے سے اعلیٰ سطحی ا جلاس ہوا،جس میں وزیراعظم کو پنجاب میں عید الاضحی کے دوران صفائی کے انتظامات کے حوالے سے بریفننگ دی گئی۔ وزیراعظم نے حکام کو ہدایت کی کہ وہ عید کے دنوں میں صفا ئی کی مشینری کو شفٹوں میں چوبیس گھنٹے فعال رکھیں اور عوام کی دہلیز سے آلائشیں اٹھانے کے عمل کو یقینی بنائیں،وزیراعظم نے واسا حکام کو سخت ہدایت جاری کی کہ مون سون کی  بار شو ں کے پیش نظر نالوں کی صفائی کروائی جائے،وزیراعظم نے کہا عید الاضحی کے دنوں میں مری میں سیاحوں کی آمد پر ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کیلئے مناسب حکمت عملی ترتیب دی جائے، عید کی چھٹیوں میں بارہ کہو سے مری تک فیملیز کیلئے فری شٹل سروس  چلائی جائے، علاوہ ازیں وزیراعظم نے حکام کو غیر قانونی مویشی منڈیوں کی روک تھام کیلئے مناسب حکمت عملی بنانے کی ہدایت اور کہا مویشی منڈیوں تک عوام کی سہولت کیلئے شٹل سروس کو یقینی بنایا جائے،وزیراعظم نے ہدایت کی کہ عید کے بعد محکموں کی کارکردگی سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے،جس محکمے کی کارکردگی تسلی بخش نہیں ہوئی، اس کی سرزنش کی جائیگی، اجلاس میں مشیر وزیر اعلی حمزہ شہباز، خواجہ سلمان رفیق، رکن پنجاب اسمبلی خواجہ عمران نذیر، چیف سیکرٹری پنجاب، ایڈیشنل چیف سیکریٹری پنجاب، آئی جی پنجاب پولیس، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈپٹی کمشنر لاہور، سیکرٹری سیاحت پنجاب، سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب،  سیکر ٹر ی صحت پنجاب،چیئرمین اور ایم ڈی لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، صوبائی و ضلعی انتظامیہ لاہور کے افسران اور پنجاب پولیس کے دیگر سینئر افسران نے بھی شرکت کی،چیئرمین نیشنل ہا ئی وے اتھارٹی اور کمشنر راولپنڈی ڈویژن نے ویڈیو لنک کے زریعے اجلاس میں شرکت کی۔

وزیراعظم ہدایات

مزید :

صفحہ اول -