ایسے معاشرے کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں جہاں ریاست شہریوں کیلئے جنت ہو:آصف زرداری

ایسے معاشرے کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں جہاں ریاست شہریوں کیلئے جنت ہو:آصف زرداری

  

       کراچی(سٹاف رپورٹر) سابق صدر مملکت، شریک چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی آصف زرداری نے کہا ہے پیپلزپارٹی غربت، سماجی ناانصافیوں اور جہالت کے اندھیروں کیخلا ف جنگ لڑتی رہے گی۔ ہم ایسے معاشرہ کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں جہاں ہر شہری کیساتھ معاشی و سماجی انصاف اور ریاست ان کیلئے جنت ہو۔عید الاضحی کے موقع پر اپنے پیغام میں پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین نے کہا کہ عید الاضحی کے موقع پر دنیا بھر کے مسلمانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، خوشی کے موقع پر مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کو خاص طور یاد ر کھا جائے۔ کشمیری عوام اس وقت ظلم،جبر اور بربریت کا سامنا کر رہے ہیں، تمام مسلمان اپنی دعاؤں میں مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کی آزادی کی دعا بھی شامل کریں۔ کشمیریوں کو اس وقت سفارتی مدد کی سخت ضرورت ہے۔ دنیا بھر میں آباد مسلمان بھائی اور بہنیں اپنے مظلوم کشمیریوں بھائیوں کی حمایت میں آواز بلند کریں۔ آج کا دن محبت اور قربانی کا درس دیتا ہے۔ عید کی خوشیوں میں غریبوں اور بے سہارا بھائیوں بہنوں کی مدد کرکے انہیں بھی عید کی خوشیوں میں شریک کیا جائے، ہم سب کو ملکر ان عناصر کی حوصلہ شکنی کرنی ہوگی جو مذہب کی آڑ میں عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ سیاسی، سماجی ناانصافیوں کے خلاف آواز بلند کی ہے۔دوسری طرف پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین اور وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے عید الاضحی کے پرمسرت موقع پر پاکستان اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ خوشیوں کا یہ تہوار افریقہ سے لیکر برصغیر تک مسلم امہ کو متحد کرتا ہے۔ عید الاضحی ہمیں یاد دلاتی ہے کہ عظیم تر بھلائی کیلئے عزم اور قربانی کامیابی کی راہ ہموار کرتی ہے۔ قربانی کے جذبے کے بغیر کوئی بھی قوم اور معاشرہ اخلاقی بالادستی حاصل نہیں کر سکتا۔ ملک کو جن مسائل کا سامنا ہے ان سے بچانے کیلئے ہمیں ملکر قوم کی خوشحالی اور ترقی کیلئے کام کرنا ہوگا۔ ہمارے لیے اپنی انا، ترجیحات، ذاتی اور گروہی مفادات کو پس پشت ڈالنا بہت ضروری ہے۔ عید کے موقع پر ہمیں اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو یاد رکھنا چاہیے جو اپنی جدوجہد میں بھارتی جبر کا سامنا کر رہے ہیں، پاکستان کشمیریوں کی اخلا قی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

زرداری،بلاول

مزید :

صفحہ اول -