324 یونٹ بجلی کا استعمال، زرعی صارف کو  بل 42120 روپے آگیا

324 یونٹ بجلی کا استعمال، زرعی صارف کو  بل 42120 روپے آگیا
324 یونٹ بجلی کا استعمال، زرعی صارف کو  بل 42120 روپے آگیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کوٹ سادات (ڈیلی پاکستان آن لائن) بورے والا کے نواحی علاقے کوٹ سادات میں  ایک کسان کو 324 یونٹ بجلی کے زرعی استعمال پر 42 ہزار 120 روپے کا بل آگیا۔  قابلِ ادا بل کی رقم کو استعمال شدہ یونٹس پر تقسیم کیا جائے تو فی یونٹ قیمت 130 روپے بنتی ہے۔

ٹیوب ویل کا یہ بل سید آفتاب شاہ نامی کسان  کو آیا ہے جس نے ٹھیکے پر زمین لی ہوئی ہے۔ ملتان الیکٹرک سپلائی کمپنی (میپکو) کی طرف سے بھیجے گئے بل کے مطابق ٹیوب  ویل  پر جون کے مہینے میں مجموعی طور پر 324 یونٹ بجلی استعمال کی گئی جن کی قیمت 2815.56 روپے بنتی ہے۔  اس بل پر 37 ہزار 731 روپے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ڈالے گئے ہیں جب کہ اس ایڈجسٹمنٹ پر چھ ہزار 855 روپے کا ٹیکس بھی لاگو کیا گیا ہے۔

بل پر درج معلومات کے مطابق ٹیکسز وغیرہ شامل کرکے بجلی کا موجودہ  بل 4693 روپے بنتا ہے جس پر حکومت کی طرف سے 6478 روپے کی رعایت دی گئی ہے۔ اگر اس حساب سے دیکھا جائے تو کسان کو  1785 روپے کا فائدہ ہونا چاہیے لیکن  فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ سمیت دیگر چارجز شامل کرکے قابلِ ادا بل 42 ہزار 120 روپے بھیجا گیا ہے۔

آفتاب شاہ نے اس بل پر احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے جہاں کی بڑی آبادی کا روزگار زراعت کے پیشے سے وابستہ ہے، حکومت کو چاہیے کہ وہ کسانوں کو زیادہ سے زیادہ سبسڈیز مہیا کرے تاکہ وہ اپنی پیداوار بہتر کرکے ملکی معیشت میں اہم  کردار ادا کرسکیں لیکن حکومت کسانوں کی کمر توڑنے پر لگی ہوئی ہے۔