دین کی سربلندی کیلئے قربانی دینے سے دریع نہیں کرنا چاہیے‘ پرویز اشرف

  دین کی سربلندی کیلئے قربانی دینے سے دریع نہیں کرنا چاہیے‘ پرویز اشرف

  

 اسلام آباد  (آئی این پی)اسپیکر قومی اسمبلی راجہ  پرویز اشرف اور ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی نے کہا ہے کہ عید الاضحی ہمیں حضرت ابراہیم  کی  عظیم قربانی کی یاد دلاتی ہے جنہوں نے اللہ تعالی کے حکم کے آگے  سر تسلیم خم کرتے ہوئے اپنے فرزند کو  اللہ تعالی کی راہ میں قربان کرنے کے لیے پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ عیدِ قرباں ایثار اور قربانی کا درس دیتی ہے۔ یہ بابرکت موقع ہمیں یاد دلاتا ہے کہ اپنے ذاتی مفادت، اختلافات اور خواہشات کو پسِ پشت رکھ کر صرف اور صرف اللہ کی رضا اور اس کے احکامات کی بجاآوری ہی ہمارا اولین فرض ہے۔ ان خیالات کا اظہارعید الاضحی کے موقع پر مسلم امہ خصوصا پاکستانی قوم کو مبارکباد دیتے ہوے اپنے علیحدہ علیحدہ پیغامات میں کیا  سپیکر و ڈپٹی اسپیکر نے حجاج کرام کو حج اکبر کی ادائیگی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم ربِ کریم کے شکر گزار ہیں کہ اس نے کورونا کی جان لیوا ء وباء پر قابو پانے میں ہماری مدد فرمائی  اسپیکر نے کہا کہ حضرت ابراہیم  نے جس طرح اللہ تعالی کے حکم کو بجا لاتے ہوئے قربانی کی عظیم مثال قائم کی ہمیں بھی ان کے نقش و قدم پر چلتے ہوئے اپنے دین کی سربلندی  کے لیے قربانی دینے سے دریع نہیں کرنا چاہیے پاکستان کا حصول ہمارے اسلاف کی عظیم قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ ان کی بے مثال قربانیوں سے ملنے والے اس وطن عزیز کی حفاظت کی ذمہ داری  اس ملک میں رہنے والے ہر فرد پر عائد ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان کے ترقی و خوشحالی کے لیے اپنے اختلافات کو بھلا کر یکجا ہوکر کام کرنا ہوگا۔  ہمیں عید کے پر مسرت موقع پر اپنے اردگرد موجود نادار و مستحق افراد کی دل کھول کر مدد کرنی چاہیے سپیکر نے ملک میں صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھنے کی  ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوام خوشیاں منانے کے ساتھ ساتھ قربانی کی ادائیگی کے بعد صفائی کا خاص خیال رکھیں تاکہ وطنِ عزیز کی خوبصورتی و رونقوں میں کسی قسم کی کمی نہ آسکے۔ اسپیکر نے کہا کہ تمام مسلمان پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور کشمیر و فلسطین کے بھائیوں کو  خصوصی دعاوں میں یاد رکھیں۔  اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ  عید کی خوشیوں میں  ہمیں غربا اور مساکین کو نہیں بھولنا چاہیے اور بڑھ چڑھ کر ان کی مدد کرنے چاہیے۔

پرویز اشرف

مزید :

پشاورصفحہ آخر -