عید الاضحیٰ ہمیں ایثار و قربانی کا درس دیتا ہے:مشتاق احمد غنی

  عید الاضحیٰ ہمیں ایثار و قربانی کا درس دیتا ہے:مشتاق احمد غنی

  

      پشاور (سٹاف رپورٹر)قائمقام گورنر خیبرپختونخوامشتاق احمدغنی نے پوری قوم بالعموم اور خیبرپختونخوا بشمول ضم ضلاع کے عوام کوبالخصوص عیدالاضحی کی دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن ہمیں سنت ابراہیمی کی اس عظیم قربانی کی یاد دلاتاہے جب حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اپنے پیارے بیٹے حضرت اسماعیل علیہ السلام کو اللہ تعالی کے حضور قربانی کیلئے پیش کیا۔ عید الاضحی 1443 ہجری کے موقع پر یہاں سے جاری ایک تہنیتی پیغام میں قائمقام گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ قربانی و ایثار کا جذبہ ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہنا چاہئے کیونکہ یہ وہ عظیم درس ہے کہ جس میں دنیا و آخرت کی کامیابی پوشیدہ ہے۔ مشتاق احمدغنی نے کہاکہ قربانی کاجذبہ مسلمانوں کو یہ احساس بھی دلاتاہے کہ انہیں انسانیت کی بھلائی کیلئے درکار ہر خدمت کے لئے تیاررہناچاہئیے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں اپنے اردگرد ضرورتمند، غریب اور مستحق افراد کے خوشیوں کابھی خیال رکھنا ہوگا اور انہیں عیدکی خوشیوں میں اپنے ساتھ شامل کرناہوگا۔قائمقام گورنرخیبرپختونخوا نے عوام سے عیدالاضحی کے اس پرمسرت موقع پراپیل کی ہے کہ عیدکے دن پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کیلئے خصوصی طور پر دعائیں مانگیں تاکہ پاکستان موجودہ مشکل حالات سے باہرنکل سکیں اور پاکستانی قوم کو حقیقی معنوں میں آزادی نصیب ہوسکیں۔ #

مزید :

صفحہ اول -