وہاڑی،یوٹیلٹی سٹو رزعملے کی کڑی شرائط،شہری مایوس
وہاڑی(بیورورپورٹ)حکومت کی جانب سے شہریوں کو سستے داموں اشیائے خوردونوش فراہم کرنے کیلئے قائم کئے گئے یوٹیلٹی سٹورز شہریوں کیلئے اذیت بن گئے ہیں شہریوں (بقیہ نمبر6صفحہ6پر)
ساجد چوہدری، اکرام، زین چوہدری، محمد سلیم و دیگر نے احتجاج کرتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ شہر میں قائم یوٹیلیٹی سٹور پر عملہ کی من مانیاں عروج پر ہیں یوٹیلٹی سٹورز سے پانچ سو روپے کی چینی اور گھی خریدنے کیلئے جائیں تو عملہ ہمیں زیادہ پیسوں سے دیگر چیزیں خریدنے پر مجبور کرتا ہے اور نہ خریدیں تو سٹورز سے دھکے دے کر نکال دیتے ہیں عملہ کی بدمعاشی کے سبب متعدد لوگ سامان چھوڑ کر واپس جانے پر مجبور ہیں عملہ کا شہریوں سے ناروا سلوک بھی معمول بن چکا ہے ضعیف لوگوں اور خواتین کا بھی کوئی خیال نہیں کیا جاتا شہریوں نے مزید بتایا کہ یوٹیلیٹی سٹور سے اشیا خریدنے پر کوئی شاپنگ بیگ نہیں دیا جاتا اگر شاپنگ بیگ طلب کریں تو عملہ بیگ کے عوض چالیس روپے طلب کرتا ہے جو کہ ہمارے ساتھ سخت زیادتی ہے ہمیں سستی اشیا کا لالچ دے کر ہمارا استحصال کیا جارہا ہے شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان،وزیر اعلی پنجاب سمیت دیگر متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لے کر اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے۔