ریاستی مشینری استعمال کر کے معذرت کروا لینے سے کیا آپ چور نہیں رہیں گے ؟ شہباز گل کا احسن اقبال سے سوال
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھیرہ انٹر چینج پر وفاقی وزیر احسن اقبال سے بدتمیزی کرنے والی فیملی کی جانب سے نارووال میں احسن اقبال کے گھر جا کر ان سے معذرت کرنے کو تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر شہباز گل نے حکومتی دباؤ کا نتیجہ قرار دے دیا۔
احسن اقبال کے معذرت کے حوالے سے کیے گئے ٹویٹ کے جواب میں ڈاکٹر شہباز گل نے کہا "ان بیچاروں پر پریشر ڈلوا کر، دھمکیاں دے کر، ریاستی مشینری استعمال کر کے معذرت کروا لینے سے کیا آپ چور نہیں رہیں گے ؟ آپ چور ہیں اور رہتی دنیا تک دنیا آپ کو اسی تعارف سے جانے گی۔"
شہباز گل نے احسن اقبال پر تنقید کرتے ہوئے کہا "آپ کتنے چھوٹے آدمی ہیں کہ پریشر ڈال کر گھر آئے لوگوں وہ بھی ایک خاتون کی معذرت پر شیخی مار رہے ہیں۔"
خیال رہے کہ اس سے قبل احسن اقبال نے ایک ٹویٹ میں اس فیملی کے ساتھ تصویر شیئر کی تھی جس نے ان کے ساتھ بھیرہ انٹر چینج پر بدتمیزی کی تھی۔ احسن اقبال نے لکھا "بھیرہ واقعہ میں ملوث فیملی نے نارووال آ کر ملاقات میں اپنے عمل پر معذرت کی،پچھتاوے اور شرمندگی کا اظہار کیا۔میں پہلے ہی ان کیخلاف قانونی چارہ جوئی نہ کرنے کا اعلان کر چکا تھا۔ہم سب پاکستانی ہیں ایک دوسرے سے اختلاف کے حق کو نفرت میں تبدیل نہیں کرنا اور باہمی احترام قائم رکھنا ہے۔"