بجلی کے نرخوں میں ہوشربااضافہ، اووربلنگ اور مہنگائی نے عوام کے ہوش اڑا دیئے، تاجر تنظیموں کا زبردست احتجاج

بجلی کے نرخوں میں ہوشربااضافہ، اووربلنگ اور مہنگائی نے عوام کے ہوش اڑا دیئے، ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

مہنگائی اتنی نہ بڑھاؤ کہ خود زد میں آ جاؤ،بجٹ میں لگے ٹیکسوں کے اثرات نے ہی عوام کی چیخیں نکلوا دی ہیں جبکہ بجلی کے بل ماہانہ آمدن سے زائد ہو گئے ہیں لوگ سراپا احتجاج ہیں ہر شعبہ ہائے زندگی کی نمائندہ شخصیات کی جانب سے رد عمل آ رہا ہے لیکن حکمران طبقہ عوامی غم و غصہ سے بے نیاز ہے ایوان اقتدار کے باسیوں کی جانب سے آنے والے بیانات بالکل ایسے ہی ہیں جو تسلی بھی نہیں دیتے۔

ہفتہ رواں جنوبی پنجاب بھر میں مہنگائی‘ بے روز گاری اور بالخصوص بجلی‘ پیٹرول و گیس کے بڑھتے نرخوں کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری رہا ایک طرف تاجر برادری نے سخت رد عمل دیتے ہوئے بجلی کے بلوں کی ادائیگی بند کرنے کا عندیہ دیا ہے تو دوسری جانب جماعت اسلامی کے مرکزی امیر حافظ نعیم الرحمان نے 12جولائی کو ملک گیر تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا ہے حافظ نعیم الرحمان نے دورہ ملتان پر حکومتی اقدامات کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ اقتدار میں آنے سے قبل یہی حکمران عوام کو ریلیف‘ قوم کی خدمت اور قرضہ کم کرنے کے وعدے اور اعلانات کر رہے تھے جونہی اقتدار ملا اب کہتے ہیں آئی ایم ایف کے آگے مجبور ہیں کیا آئی ایم ایف سے قوم نے قرضے لیے ہیں یہ تمام قرضے حکمران طبقہ کی عیاشیوں پر اڑائے گئے ہیں عوام تو پہلے بھی ٹیکسز کی زد میں تھے آج بھی ہیں اور آنے والے سالوں میں کوئی‘ آس بھی نہیں دلائی جا رہی جماعت اسلامی مشکل گھڑی میں عوام کے ساتھ ہے دھرنا دینگے اور جس نے روکنے کی کوشش کی نتائج کے ذمہ دار بھی وہ خود ہونگے بعد ازاں حافظ نعیم الرحمان نے جماعت اسلامی پنجاب کے مختلف اضلاع کے عہدیداروں سے ملاقات بھی کی 12جولائی کے دھرنے میں شرکت کے انتظامات کا ٹاسک دیا۔

 دوسری جانب آل پاکستان انجمن تاجران کی جانب سے جنوبی پنجاب کے مرکز ملتان میں اتوار کے روز احتجاجی ریلی نکالی گئی مظاہرہ کیا گیا مرکزی صدر خواجہ شفیق وائس چیئرمین ملک طاہر ڈوگر نے عندیہ دیا کہ ان کے مطالبات نا مانے گئے، بجلی کے نرخ اور ٹیکسز کا بوجھ کم نہ کیا گیا تو تاجر برادری بجلی کے بلوں کی ادائیگی بند کرنے کا فیصلہ کرے گی اور میپکو کا اہلکار میٹر کاٹنے آیا تو اس کا محاسبہ ہو گا۔ ملتان کی طرح مظفر گڑھ‘ خانیوال‘ وہاڑی میں بھی تاجر تنظیموں کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرے کئے گئے تاجر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے عوام اپنا حق لے سکتے ہیں تو ہمیں بھی سڑکوں پر نکل کر حکمران طبقے کی عیاشیوں کے سرکل کو توڑنا ہو گا ان کا عوام کے لیے یہ پیغام بھی تھا کہ آزادی اور حق صرف اور صرف ان کی جاگیر ہوتے ہیں جو اس کی حفاظت کا حوصلہ  رکھتے ہیں عوام گھروں میں بیٹھ کر رونے پیٹنے کی بجائے ان کے شانہ بشانہ سڑکوں پر نکلیں نہیں تو بزدلوں کو ان زنجیروں سے چھڑانا مشکل ہے جن کا وہ احترام کرتے ہوں۔

ہفتہ رواں جنوبی پنجاب کے اکلوتے سیاحتی مقام فورٹ منرو میں ایک اور افسوس ناک واقعہ اس وقت رونما ہوا جب سیاحوں کی وین سٹیر پل کے مقام پر کھائی میں جاگری جس میں ایک ہی خاندان کے افراد سوار تھے 2جاں بحق ہو گئے جبکہ دیگر متعدد زخمیوں کو ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے یاد رہے فورٹ منرو ضلع ڈیرہ غازیخان کے علاقے میں واقع ہے جہاں سردیوں میں برف باری جبکہ سخت گرمیوں میں بھی موسم ٹھنڈا رہتا ہے جنوبی پنجاب کی متعدد فیملیز جو سیر سیات کے لیے شمالی علاقہ جات جانے سے قاصر ہوتی ہیں وہ فورٹ منرو کا وزٹ کرتی ہیں لیکن سیاحوں کے لئے سہولیات نا ہونے کے برابر ہیں حکومت کی نظر کرم ہو تو فورٹ منرو بہترین سیاحتی مقام کی حیثیت سے مرکزیت حاصل کر سکتا ہے۔

یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ بجلی کے نرخوں میں ہوشربا اضافے کے باوجود ملک کے طول و عرض کی طرح جنوبی پنجاب بھر میں شدید لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے خطے کے بڑے شہروں ملتان‘ ڈیرہ غازیخان‘ بہاولپور‘ رحیم یار خان سے سمیت باقی ترقی پذیر علاقوں دیہی مراکز میں بجلی کی بندش گھنٹوں پر محیط ہے عوام کے احتجاج کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہو رہی ہے۔

ہفتہ رواں جنوبی پنجاب کے مرکز ملتان سمیت خطے کے دیگر اضلاع میں مون سون کی پہلی بارش ہوئی جس سے درجہ حرارت اور گرمی کی شدت میں تو کمی ہوئی لیکن شہر کی مرکزی شاہراؤں سمیت گلی محلوں میں بارش کے پانی نے سرکاری اداروں کی کارکردگی کا پول کھول دیا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اس بارے خاص ہدایات جاری کی تھیں کہ مون سون سیزن کے انتظامات مکمل کئے جائیں اور گلی محلوں شاہراؤں پر پانی کے نکاس کو یقینی بنایا جائے جس میں ملتان سمیت خطے کے بڑے شہروں میں سڑکوں پر کیمپ لگائے گئے تھے انتظامیہ کا دعویٰ تھا کہ بارش کے پانی کے فوری نکاس کو یقینی بنایا جائے گا لیکن افسوس عملاً ایسا نہ ہوا اور معمولی بارش سے ملتان شہر کے نشیبی علاقے دو روز تک بارش کے پانی سے بھرے رہے حکومتی دعوؤں اعلانات کا دفاع کرنے کے لیے خود مسلم لیگ ن کے ایم پی ایز اور ایم این ایز سمیت کوئی عہدیدار میدان عمل میں نہیں مہنگائی بے روز گاری بالخصوص بجلی کے بڑھتے نرخوں پر عوام تو سراپا احتجاج ہیں لیکن حکمران پارٹی کا کوئی رکن عوام کا سامنا کرنے سے گریزاں ہے۔

پری مون سون نے جنوبی پنجاب کے اداروں کی کارکردگی

 کا پول کھول دیا، بارش سے ملتان شہر بھی بری طرح متاثر!

جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن کا دورہ، 12جولائی کے دھرنے میں شرکت کی ہدایات، تیاری جاری ہے

تاجروں نے بجلی کے بل نہ دینے کی دھمکی دے دی، مسلم 

لیگ (ن) کا کوئی رہنما دفاع کے لئے سامنے نہیں آیا

مزید :

ایڈیشن 1 -