پلانز صرف کاغذوں پر نہیں بننے چاہئیں،عملدرآمد بھی ہونا چاہیے،  وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا 

پلانز صرف کاغذوں پر نہیں بننے چاہئیں،عملدرآمد بھی ہونا چاہیے،  وزیر اعلیٰ ...
پلانز صرف کاغذوں پر نہیں بننے چاہئیں،عملدرآمد بھی ہونا چاہیے،  وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور (ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت خیبر پختونخوا اربن موبیلٹی اتھارٹی کے بورڈ کا 16واں اجلاس  ہوا جس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری کے علاوہ متعلقہ انتظامی سیکرٹریز اور دیگر بورڈ ممبران نے شرکت کی۔

دوران اجلاس چمکنی تا پبی (نوشہرہ) بی آر ٹی سروس شروع کرنے کے ساتھ ساتھ چمکنی تا حیات آباد رنگ روڈ کو بھی بی آر ٹی روٹ ڈکلیئر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عوام کی سہولت کیلئے مذکورہ روٹ پر بی آر ٹی کے طرز پر بسیں چلائی جائیں گی۔

اجلاس کو ڈویژنل ہیڈکوارٹر ز کیلئے اربن موبلیٹی پلانز پر بریفنگ دی گئی،وزیر اعلیٰ  علی امین گنڈاپور نے تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز کے شہری علاقوں میں الیکٹرک بسیں چلانے کی ہدایت کی، کہا متعلقہ ادارہ اس سلسلے میں دیگر شراکت داروں کے ساتھ مل بیٹھ کر قابل عمل پلانز تیار کریں۔

اجلاس میں بی آر ٹی بسوں میں والدین کے ساتھ سفر کرنے والے پانچ سال تک کے بچوں کو مفت سفر کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔علی امین گنڈاپور  کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت عوام کو معیاری سفری سہولیات فراہم کرنے کے لئے اقدامات کر رہی ہے، اس مقصد کیلئےمتعلقہ ادارے اپنی سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات کریں،عوام کو معیاری سفری سہولیات کی فراہمی کے لئے متعلقہ ادارے اپنے پلانز پر عملدرآمد یقینی بنائیں، پلانز صرف کاغذوں پر نہیں بننے چاہیے ان پر آن گراؤنڈ عملدرآمد بھی ہونا چاہیے،بس اڈوں میں مسافروں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی پر توجہ دی جائے، بی آر ٹی پلازوں کی جلد تکمیل اور ان سے آمدن حاصل کرنے کے لئے متعلقہ محکمے مل بیٹھ کر لائحہ عمل تیار کریں۔