لندن (مجتبیٰ علی شاہ) برٹش پاکستانی بزنس مین شفیق اکبر کو برطانوی پارلیمنٹ میں اعزاز سے نواز دیا گیا , پارلیمنٹ میں منعقد تقریب میں لارڈ شفق محمد نے شفیق اکبر کو اچیومنٹ ایوارڈ پیش کیا . شفیق اکبر کو یہ اعزاز پاکستان میں سرمایہ کاری اور مقامی سطح پر سینکڑوں ملازمتیں فراہم کرنے پر دیا گیا ہے.
شفیق اکبر کو اسلام آباد و دیگر علاقوں میں ایک بلین ڈالر کی رئیل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری اور چار میریٹ ہوٹل بنارہے ہیں. شفیق اکبر کے پاکستان میں جاری رئیل اسٹیٹ کے منصوبوں کی بدولت دو ہزار سے زائد افراد کو روزگار ملا ہے. پاکستان میں پیدا ہونے والے شفیق اکبر نے کوئنز میری یونیورسٹی سے ڈگری اور کیمبرج یونیورسٹی سے ماسٹرز مکمل کیا .
لارڈ شفق محمد نے کہا کہ شفیق اکبر جیسی شخصیات ثقافتوں کے درمیان پل اور وسائل کو متحرک کرنے میں کردار ادا کرتی ہیں، شفیق اکبر پاکستانی کمیونٹی کےلیے رول ماڈل ہیں، نوجوان برٹش پاکستانی ان کی تقلید کریں۔شفیق اکبر نے برطانیہ میں بزنس میں کامیابی کے بعد اپنے وطن کو بھی فائدہ پہنچانے کیلئے وہاں بھی سرمایہ کاری کرکے ملازمتیں پیدا کیں۔
شفیق اکبر کا کہنا ہے کہ برطانوی پارلیمنٹ میں میری خدمات کا اعتراف ایوارڈ سے بھی بڑھ کر ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں بطور اسٹوڈنٹ آیا تھا، لندن میں 15 برس قیام کے بعد پاکستان جاکر بزنس کرنے کا فیصلہ کیا، پاکستان جانے کا تجربہ شاندار رہا، پاکستان میں سرمایہ کاری کا جتنا منافع ملتا ہے اتنا اور کہیں نہیں ہے۔
شفیق اکبر نے مزید کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو بھی دعوت دیتا ہوں کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کےلئے موزوں ماحول کا بھرپور فائدہ اٹھائیں۔