تاج محل پر بدنما داغوں کو ختم کرنے کے لیے مٹی کا لیپ کیا جائے گا

تاج محل پر بدنما داغوں کو ختم کرنے کے لیے مٹی کا لیپ کیا جائے گا

  

نئی دہلی (این این آئی)بھارت میں ماہرینِ آثارِ قدیمہ نے کہا ہے کہ ملک کی تاریخی یادگار تاج محل پر آلودگی سے پڑنے والے بدنما داغوں کو ختم کرنے کے لیے مٹی کا لیپ کیا جائے گا۔بھارتی حکام کے مطابق آلودگی کی وجہ سے عمارت کی دیواروں پر پیلے نشان پڑ گئے ہیں جن کا حل یہ نکالا گیا کہ دیواروں پر مٹی کا لیپ کردیا جائے۔تاج محل آگرہ کے قریب واقع ہے جہاں شدید فضائی آلودگی پیدا کرنے والی کئی فیکٹریاں ہیں تاج محل کی دیواروں کو صاف کرنے کےلئے یہ طریقہ چوتھی مرتبہ استعمال کیا جارہا ہے۔امید کی جا رہی ہے کہ مٹی کے لیپ سے تاج محل کے سفید سنگِ مرمر کی قدرتی چمک دمک بحال ہو جائے گی۔بھارت کے آثارِ قدیمہ کے محکمے آرکیالوجیکل سروے کے اہلکار بی ایم بہاتنگر نے بتایا کہ شہر میں بڑھتی ہوئی آلودگی کی وجہ سے سفید سنگِ مر مر اپنی چمک کھو رہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ آرکیالوجیکل سروے کے کیمیکل ڈیپارٹمنٹ نے پہلے سے ہی تاج محل کو لیپنے کےلئے مٹی تیار کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔یہ چوتھی دفعہ ہے کہ 17ویں صدی کی اس یادگار کومٹی کا لیپ دیا جائےگا۔ ماضی میں اسے 2008 میں لیپ دیا گیا تھا تاہم اس علاقے میں آلودگی زیادہ ہونے کی وجہ سے ماہرین کہتے ہیں کہ اب پھر اس کی صفائی ضروری ہے اس سے پہلے صفائی کےلئے اسے 1994 اور 2001 میں مٹی سے لیپا گیا تھا۔

مزید :

عالمی منظر -