لاہورچیمبر کا کراچی ائیرپورٹ پر کامیاب آپریشن پر پاک فوج کو خراج تحسین

لاہورچیمبر کا کراچی ائیرپورٹ پر کامیاب آپریشن پر پاک فوج کو خراج تحسین

  

لاہور(کامرس رپورٹر)لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے کراچی ایئرپورٹ پر دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر پاکستان کی مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم اُن شہیدوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی جنہوں نے قومی تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے ایک مرتبہ پھر قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔

 کراچی ایئرپورٹ پر دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں شہید ہونے والوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انجینئر سہیل لاشاری نے کہا کہ اُن کا قیمتی خون کسی صورت بھی رائیگاں نہیں جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ساری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور دہشت گردی کا ناسور ختم کرنے کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ انجینئر سہیل لاشاری نے کہا کہ کراچی ایئرپورٹ پر دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بناکر پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے دنیا پر یہ واضح کردیا ہے کہ وہ ملک کے تحفظ کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز اور عوام مل کر ملک کے کونے کونے میں دہشت گردوں کا محاسبہ کریں گے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر نے اُن عناصر کو بے نقاب کرنے کی ضرورت پر زور دیا جو دہشت گردوں کی مدد کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے گھناﺅنے واقعات مسلح افواج کے عظیم حوصلے کو پست نہیں کرسکتے۔ انجینئر سہیل لاشاری نے حکومت پر زور دیا کہ وہ دہشت گردوں کا خاتمہ آہنی ہاتھوں سے کرے کیونکہ یہ دہشت گردی کے ذریعے عالمی سطح پر ملک کی ساکھ خراب کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سیاسی جماعتوں اور کاروباری برادری کے نمائندوں کی ایک راﺅنڈ ٹیبل بنائے جس میں دہشت گردی کے مستقل خاتمے کے لیے تجاویز پیش کی جاسکیں۔

مزید :

کامرس -