فیکٹری ایریا ، کھیل کے دوران محلے دار نے پتھر مار کر 14سالہ طالب علم کو ہلاک کر دیا

فیکٹری ایریا ، کھیل کے دوران محلے دار نے پتھر مار کر 14سالہ طالب علم کو ہلاک کر ...

  

لاہور(ملک خیام رفیق)فیکٹری ایریا کے علاقہ میں کھیل کے دوران جھگڑے پرمحلہ دار نے پتھر مار کر 14سالہ طالب علم کو ہلا ک کر دیا ۔پو لیس نے لاش قبضہ میں لیتے ہوئے پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانہ میں جمع کر وادی جبکہ مقتول کے والد کی درخواست پر مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا ۔موت کی اطلاع گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا،ماں اور بہنیں دھاڑیں مار مار کر روتی رہیں ۔تفصیلات کے مطابق فیکٹری ایریا کے علاقہ بندیاں والا پل کے رہا ئشی اسلم کا بیٹا عاصم محلہ میں کھیلنے کے لئے گیا تو کھیل کے دوران محلہ دار شانی سے معمولی تلخ کلامی ہو گئی جس نے طیش میں آکر عاصم کے سر پر پتھر دے مار جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا ۔گھر والوں کو جب اس کے زخمی ہو نے کی اطلاع ملی تو وہ فور ی عاصم کو طبی امداد کے لئے جنرل ہسپتال لے گئے ۔جہاں وہ چند گھنٹے زندگی وموت کی کشمکش میں مبتلارہنے کے بعد دم توڑ گیا ۔موت کی اطلاع پر پولیس مو قع پر پہنچ گئی اور لاش کو قبضہ میں لے کر پو سٹ مارٹم کے لئے مر دہ خانہ میں جمع کر وادیا ۔جبکہ مقتول عاصم کے والدکی درخواست پر ملزم شانی کے خلاف مقدمہ درج کر کے اس کو گرفتار کر لیا ۔مقتول کے بھائی سہیل اور تایا قادر نے روزنامہ ’’پاکستان ‘‘سے گفتگو کر تے ہو ئے کہا کہ عاصم چھٹی کلاس میں پڑھتا تھا اور سکول میں ہمیشہ اول پو زیشن حاصل کر تا تھا ۔اس کے مر نے کے بعد تو ہماری دنیا ہی تا ریک ہو گئی ہے ،ہمارا علیٰ حکام سے مطالبہ ہے کہ انصاف فراہم کیا جائے ۔

مزید :

علاقائی -