جسٹس فیصل زمان کی فرزانہ قتل کیس کاجلد فیصلہ کرنے کےلئے دائر درخواست کی سماعت سے معذرت

جسٹس فیصل زمان کی فرزانہ قتل کیس کاجلد فیصلہ کرنے کےلئے دائر درخواست کی ...

  

لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فیصل زمان خان نے فرزانہ قتل کیس کاجلد فیصلہ کرنے اورپسند کی شادی کرنے والے جوڑوں کو قانونی تحفظ فراہم کرنے کے لئے دائردرخواست کی سماعت سے معذرت کر لی۔ معاملہ مزید سماعت کے لئے چیف جسٹس کو بھجوا دیا گیاہے۔ عدالتی سماعت کے موقع پر درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ فرزانہ قتل کیس معاشرے کے منہ پر ایک طمانچہ ہے اس قتل سے پاکستان کی ملک بھر جگ ہنسائی ہوئی لہذا اس کیس کاروزانہ کی بنیاد پر ٹرائل کر کے جلد فیصلہ کرنے کے احکامات صادر کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ آئین کے تحت ہر عاقل بالغ کو اپنی مرضی سے شادی کرنے کا حق حاصل ہے مگر پسند کی شادی کرنے والے جوڑوں کی جانب سے عدالت میں بیان دینے اور نکاح نامہ پیش کرنے کے باوجود پولیس انہیں اغواءاور دیگر مقدمات میں پھنسائے رکھتی ہے۔ وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت پولیس کو پسند کی شادی کرنے والے جوڑوں کے خلاف بے بنیاد مقدمات درج کرنے سے روکتے ہوئے قانونی تحفظ فراہم کرنے کا حکم دے۔ عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا اس حوالے سے معاملہ پہلے ہی چیف جسٹس کے پاس زیر سماعت ہے۔عدالت نے کیس کی سماعت سے معذرت کرتے ہوئے معاملہ مزید سماعت کے لئے چیف جسٹس کو بھجوادیا۔

معذرت

مزید :

صفحہ آخر -