لاہور تا کراچی موٹر وے منصوبہ ریکارڈ ٹائم میں مکمل کرنے کیلئے ہنگامی امینڈا ایکوزیشن
لاہور(عامر بٹ سے)وزیراعظم کی ہدایت پر کراچی تا لاہور موٹر وے کیلئے 14000ایکٹر سے زائد زمین ہنگامی بنیادوں پر ایکوائر کرنے اور نقشے تیار کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے جبکہ اس مقصد کیلئے ایکوائر25بلین روپے مختص کردیے گئے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق فیض انٹر چینج لاہور سے رحیم یار خان کے موضع کندی وال تحصیل صادق آباد تک 333کلومیٹر موٹر وے کی تعمیر کیلئے شیخوپورہ میں 1250،ننکانہ صاحب میں 225ایکٹر،فیصل آباد میں 2700ایکٹر،ٹوبہ ٹیک سنگھ میں900ایکٹر،جھنگ میں425ایکٹر،خانیوال میں550ایکٹر،ملتان میں 700ایکٹر،بہاولپور میں 4550ایکٹر اور رحیم یار خان میں2275ایکٹر زمین بحق سرکار کے نام منتقل کی جائے گی۔ لینڈ ایکوائر کرنے کیلئے 4ڈویژن کے کمشنرز،ڈی سی اوز، اور اسسٹنٹ کمشنرز نے 146موضعات میں باقاعدہ فیلڈ سروے بھی شروع کر دیا ہے جن کی رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر سیکرٹری سیٹلمنٹ محمد جاوید بھٹی اور سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب ندیم اشرف کو بھجوائی جا رہی ہے۔ اس پروجیکٹ کی ذمہ داری سنبھالنے والے ایک آفیسر نے بتایا ہے کہ اراضی مالکان کو نہ صرف بروقت ادائیگی دی جائے گی بلکہ انتہائی شفافیت سے اس منصوبے کو تیزی سے مکمل کیا جائے گا۔ منصوبے پر دن رات کام ہونے کی وجہ سے ایک اور نیا عالمی ریکارڈ قائم بھی ہو سکتا ہے۔