ایران کا چینی ’میزائل مین‘امریکہ کومطلوب

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) قطع نظر اس بات کہ امریکہ خود کتنا بڑا دہشت گرد ہے، یہ ملک وقتاً فوقتاً دنیا کے مختلف ممالک اور لوگوں کو دہشت گرد قرار دیتا رہتا ہے ایسے ہی لوگوں میں آج کل جو نام سرفہرست ہے وہ چین کا شہری کارل لی ہے جس کے سر کی قیمت امریکہ بہادر نے 50 لاکھ ڈالر مقرر کررکھی ہے۔ امریکہ کا دعویٰ ہے کہ لی نے ایران پر پابندی کے باوجود اس کے ساتھ تجارت جاری کررکھی اور ایران کو ایسی مضبوط دھاتیں فراہم کیں کہ جن کو استعمال کرکے اس ملک نے اپنے مشہور زمانہ بیلسٹک میزائل اور یورینیم افزودہ کرنے والی سینٹری فیوج مشینری تیار کی۔ امریکہ کے مسلسل دباؤ کے باوجود چین نے اپنے شہری کے خلاف کئی ایکشن نہیں لیا ہے کیونکہ چینی حکومت کا موقف ہے کہ امریکہ کو دوسرے ملکوں کی ایران کے ساتھ تجارت پر بے جاپابندیاں نہیں لگانی چاہئیں، مغربی ممالک میں یہ پراپیگنڈہ بھی جاری ہے کہ ایران کے ساتھ حالیہ ایٹمی مذاکرات کی ناکامی کی صورت میں ایران پر اسرائیل اور خلیج میں موجود امریکی بحری بیڑے پر چینی انجینئر لی کی مدد سے تیار کئے گئے بیلسٹک میزائل برسائے گا۔